• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اومان میں ٹیم پاکستان کی اے ایف سی انڈر۔19چیمپئن شپ کوالیفائرز کی تیاریاں

اے ایف سی انڈر۔19 چیمپئن شپ کے کوالیفائرز میں شرکت کے لیے پاکستان انڈر۔19 فٹبال ٹیم نے اومان پہنچ کر تیاریاں شروع کردی ہیں، پاکستان فٹبال ٹیم ایونٹ میں پہلا میچ 22 نومبر کو کویت سے کھیلے گی۔

اے ایف سی انڈر۔19 کوالیفائرز میں پاکستان ٹیم گروپ اے میں شامل ہے، یہ مقابلے پہلے 2 نومبر سے عراق میں ہونا تھے لیکن انہیں بعد میں ملتوی کرکے اومان منتقل کردیا گیا تھا، اب یہ ٹورنامنٹ 22 نومبر سے شروع ہوگا۔

پاکستان انڈر۔19 فٹبال ٹیم زید عمر کی قیادت میں منگل کو مسقط پہنچی اور پہنچتے ہی ٹریننگ سیشن کا آغاز کردیا۔ دو سیشنز میں پاکستان جونیئر فٹبال ٹیم نے کنڈیشنز سے ایڈجسٹ ہونے کی کوشش کی۔

قومی انڈر 19 فٹبال ٹیم کے کپتان زید عمر کہتے ہیں کہ اومان آمد سے قبل کراچی میں بھی بھرپور تیاریاں کی تھیں، پلیئرز کے حوصلے بلند ہیں اور چیمپئن شپ میں اچھے نتائج ملیں گے۔

کوچ ناصر اسماعیل کا کہنا ہے کہ کراچی میں طویل کیمپ کے دوران پی ایف ایف نے پلیئرز کو بہترین سہولیات دی تھی جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں، دیگر ٹیمیں بہرحال پھر بھی دو، دو ماہ انٹرنیشنل ایکسپوژر کے ساتھ آئی ہیں اور پاکستان ٹیم نے مقامی کلبز کیخلاف ہی پریکٹس کی لیکن امید ہے کہ کھلاڑی گراؤنڈ پر جارح مزاجی کے ساتھ اچھی فٹبال کھیلیں گے۔

اے ایف سی چیمپئن شپ میں پاکستان انڈر۔19 فٹبال ٹیم 22 نومبر کو کویت، 24 نومبر کو فلسطین، 26 نومبر کو عراق اور 28 نومبر کو اومان کے خلاف میچ کھیلے گی۔

تازہ ترین