• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی اداکارہ کرتار پور رہداری کھولنے پر وزیر اعظم عمران خان کی شکرگزار


بھارتی تامل اداکارہ پونم کور نے کہا ہے کہ وہ کرتار پورراہداری کھولنے پر وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کی شکر گزار ہیں۔

پونم کور نے اسلام آباد میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان سے ملاقات کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی، خوبصورت یادیں لے کر واپس جا رہی ہوں۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کرتار پور راہداری بین المذاہب ہم آہنگی کی عظیم اور روشن مثال ہے۔

ملاقات کے دوران فردوس عاشق اعوان نے پونم کور کو تحائف بھی پیش کیے اور کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کرتار پور راہداری کے ذریعے محبت کا بیج بویا۔

13برس سے تامل فلموں میں کام کرنے والی پونم کور نے گذشتہ برس بھی 21 سے 30 نومبر تک پاکستان کادورہ کیا تھا اور کرتارپور راہداری کھولنے کی تقریب میں بھی شرکت کی اور گوردواروں پر حاضری دی تھی۔

پونم نے اس موقع پر گزشتہ برس مختصر دورانیے کی دستاویزی فلم ریلیز کی تھی۔ 4 منٹ 36 سیکنڈ پر مشتمل ’اے واک وِد پونم کپور‘ نامی دستاویزی فلم میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو پاکستان کی پہچان قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: شٹل ڈرائیور کی بھارتی صحافی سے جذباتی گفتگو

واضح رہے کہ دربار صاحب کرتار پور کی افتتاحی تقریب میں سابق بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ، سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو اور اداکار سنی دیول سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی تھی اور انہوں نے بھی پاکستانی وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا تھا۔

یاد رہے کہ پونم کور کو ٹولی وڈ یعنی تیلگو اور تامل فلم انڈسٹری کی مقبول اداکارہ کا اعزاز حاصل ہے۔

سکھ برادری سے تعلق رکھنے والی پونم کور تامل، تیلگو اور پنجابی سمیت ہندی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

تازہ ترین