• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ویمن ٹیم کا تربیتی کیمپ کراچی میں شروع



انگلینڈ کے خلاف سیریز کی تیاری کے لیے پاکستان ویمن ٹیم کا تربیتی کیمپ کراچی میں شروع ہوگیا، 18 کھلاڑیوں نے کیمپ میں رپورٹ کردی۔

تربیتی کیمپ نیشنل اسٹیڈیم کے ہائی پرفارمنس سینٹر میں شروع ہوا، پہلے دن 21 میں سے 18 کھلاڑیوں نے رپورٹ کی، ثناء میر آرام کی غرض سے سیریز سے دستبردار ہوگئیں۔

ندا ڈار بگ بیش میں مصروفیت کے باعث کیمپ جوائن نہیں کریں گی جبکہ وکٹ کیپر سدرا نواز کل سے کیمپ جوائن کریں گی۔

کیمپ کے پہلے ہی روز ٹارگیٹ میچ کرائے گئے جس میں بیٹنگ اور بولنگ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا کہ دباؤ میں پاکستان ویمن ٹیم کو کس طرح بولنگ اور کس انداز میں بیٹنگ کرنی ہے، کبھی بیٹرز کو تیز بیٹنگ کا ٹارگٹ دیا گیا تو کبھی محتاط انداز میں وکٹ پر رکنے کا ٹارگٹ دیا۔

اسی طرح بالرز سے بھی ٹارگیٹیڈ بالنگ کرائی گئی، کیمپ میں جونئیر سلیکشن کمیٹی کے چیف سلیکٹر سلیم جعفر کی بطور بولنگ کنسلٹینٹ خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں شروع ہونے والے ویمنز ٹیم کے تربیتی کیمپ کے پہلے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بولنگ کنسلٹینٹ سلیم جعفر کا کہنا تھا کہ پاکستانی ویمنز فاسٹ بالر کی رفتار ایک سو دس سے بھی زیادہ ہے، لیکن ویمنز ٹیم میں ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچز ہوتے ہیں اس لیے رفتار زیادہ اہمیت نہیں رکھتی، پاکستان ویمن ٹیم اسپنرز پر انحصار کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ پی سی بی کی جونیئر سلیکشن کمیٹی چیف سلیکٹر ہیں لیکن کوچنگ کا بھی وسیع تجربہ رکھتے ہیں، پی سی بی کی ہدایت پر ایبٹ آباد میں بھی کیمپ میں بطور بالنگ کنسلٹینٹ کام کیا، کراچی میں بھی یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم پی سی بی ویمنز کا بجٹ کتنا ہے لیکن امید ہے مستبقل میں ویمن ٹیم کے لیے بالنگ کوچ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

پاکستان ویمن ٹیم 30 نومبر کو ملائشیا روانہ ہوگی جہاں وہ انگلینڈ کے خلاف تین ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلے گی، جو آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے جبکہ انگلینڈ کے ساتھ تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز 9 سے 20 دسمبر کھیلی جائے گی۔

تازہ ترین