پنجاب کے صنعتوں کے حوالے سے مشہور شہر فیصل آباد کے قریب جڑانوالہ کی کچہری میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے زیرِ حراست قتل کے مقدمے کا ملزم ہلاک ہو گیا، جبکہ فائرنگ کرنے والے 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: لاہور میں 3 روز بعد دلہن بننے والی لڑکی قتل
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل سیشن جج محمد نعیم سلیم کی عدالت کے سامنے مقدمۂ قتل کے ہتھکڑی لگے ملزم تارا گجر کو مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
ملزم کو ہتھکڑی لگا کر عدالت میں پیشی پر لایا گیا تھا، فائرنگ کے واقعے سے کچہری میں خوف و ہراس پھیلنے سے بھگدڑ مچ گئی۔
اس موقع پر ملزم کو لانے والے پولیس اہلکار وں نے بھی ملزم کی ہتھکڑی چھوڑ کر دوڑ لگا دی۔
پولیس کے مطابق مقتول کو دیرینہ دشمنی پر مخالفین نے فائرنگ کا نشانہ بنایا ہے، تاہم جائے وقوع سے 2 حملہ آوروں کو حراست میں لے کر کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔