کراچی(جنگ نیوز)جے یو آئی ف کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد سے بلاوجہ نہیں چلے گئے بااعتبار لوگوں نے کچھ یقین دہانیاں کرائی ہیں، ہمیں یقین دہانی چوہدری پرویز الٰہی نے کرائی ہے، پرویز الٰہی ہمیں کہہ چکے ہیں کہ جو بات کہہ رہا ہوں اس کا ضامن ہوں، صبر کریں استعفیٰ بھی آئے گا اسمبلیاں بھی تحلیل ہوں گی۔
وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کر رہے تھے۔
تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید، سینئر تجزیہ کار ارشاد بھٹی اور پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب بھی شریک تھے۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ لگتا ہے نواز شریف تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں، مقررہ وقت میں مکمل صحت یاب ہو کر واپس آئیں گے،
عمران خان نے کسی کو نہیں چھوڑنا انہیں غصہ کس بات پر ہوگا،نواز شریف کی واپسی یقینی بنانے کیلئے بونڈ کی شرط رکھی گئی تھی۔ ارشاد بھٹی نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی قیادت کی سیاسی دشمنی ذاتی بنتی جارہی ہے، وزیراعظم کو نواز شریف کی بیماری پر شبہ ہے تو، شوکت خانم اسپتال کے سربراہ، وزیرصحت یاسمین راشد، ڈاکٹر طاہر شمسی اور ڈاکٹر ایاز محمود کو برطرف کردیں۔
فرخ حبیب نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں کوئی تاخیری حربہ استعمال نہیں کیا،پی ٹی آئی احتساب سے بھاگنے والی نہیں ہے، تحریک انصاف کے ساتھ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی فارن فنڈنگ کی جانچ پڑتال بھی روزانہ کی بنیاد پر کی جائے۔
غفور حیدری نے مزید کہا کہ چوہدری برادران کے ہم سے جو مذاکرات ہوئے اس کے اثرات عنقریب دیکھیں گے ہمارا پلان اے اور پلان بی کامیاب رہا ہے پلان سی کی نوبت نہیں آئے گی۔