• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسم سرما میں چائے کا استعمال معمول سے زیادہ ہو جاتا ہے، یہ موسم  بہت سی بیماریاں ساتھ لاتا ہے جن میں بنیادی بیماریاں نزلہ زکام ، کھانسی اور بخار ہے اور یہ بیماریاں دوائیاں کھانے کے بعد بھی پیچھا نہیں چھوڑتیں۔

چائے کی کئی اقسام ہیں، اِس موسم میں ناشتے میں ایسی چائے کا انتخاب کیجیے جو سردی میں ہونے والی بیماریوں سے لڑنے میں معاون ثابت ہوں۔

سردی میں مفید چائے:

ادرک کی چائے:

موسم سرما میں ادرک کی چائے کا انتخاب کرنا بہت ہی مفید ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ اِس کے حیرت انگیز فوائد ہیں، ادرک کی چائے سردی دور کرنے، کھانسی ختم کرنے اور گلے کی سوزش کو دور کرنے میں فائدہ مند ہے، ادرک کی چائے سے نظام ہاضمہ بھی بہتر ہوتا ہے اور خون کی روانی بھی اچھے سے ہوتی ہے۔

ادرک کی چائے تیار کرنا بھی بہت آسان ہے لہٰذا سردی میں روزانہ اپنے دن کا آغاز ایک کپ ادرک کی چائے سے کیجیے تاکہ آپ بیماریوں سے دور رہتے ہوئے موسم سرما کو انجوائے کرسکیں۔

پودینے کی چائے:

اگر روزانہ صبح پودینے کی چائے کا ایک کپ پیا جائے تو اِس سے آپ پورا دِن بہتر محسوس کریں گے، پودینے کی چائے میں صحت سے متعلق بہت سارے فوائد پائے جاتے ہیں، اِس میں اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی سوزش کی خصوصیات موجود ہوتی ہیں۔ 

پودینے کی چائے موسمی بیماریوں سے لڑنے میں بھی مدد کرتی ہے اور اِس کا استعمال سر کا درد دور کرنے کے لیے بھی کیا جاتا ہے۔

ہلدی کی چائے:

ہلدی کو طبی علاج کے لیے استعمال کیا جاتا ہےاور علاج کے لیے ہلدی کو مختلف طریقوں سے غذا میں شامل کیا جاتا ہے، ہلدی میں اینٹی سوزش کی خصوصیت ہوتی ہے، ہلدی کی چائے کو اگر روزانہ پیا جائے تو اِس سے بہت سی بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔ 

ہلدی کی چائے قوت مدافعت اور نظام ہاضمہ کو بہتر کرتی ہے۔ اِس کے علاوہ ہلدی دل، کینسر اور جگر کے مریضوں کے لیے بھی مفید ہے۔

سبز چائے:

سبز چائے کو زیادہ تر وزن کم کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے لیکن سبز چائے کے اِس کے علاوہ بھی بہت سے فوائد ہیں، سبز چائے میں اینٹی آکسیڈینٹ کی خصوصیت موجود ہوتی ہے اور سبز چائے کو صحت مند مشروب بھی کہا جاتا ہے۔

اِس میں موسمی بیماریوں سے لڑنےکی خصوصیت بھی ہوتی ہے۔ دِن میں اگر سبز چائے کا ایک کپ پی لیا جائے تو اِس سے آپ کو سردی بھی کم لگے گی، اِسی لیے ٹھنڈے علاقوں میں سبز چائے کا بہت زیادہ استعمال کیاجاتا ہے۔

تازہ ترین