• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک منصوبے پر امریکی خدشات سے متفق نہیں، فردوس عاشق

فردوس عاشق اعوان کے سی پیک سے متعلق ٹوئٹر بیان کا عکس


وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ سی پیک ہماری ترجیح نمبر ایک ہے، منصوبے پر امریکی خدشات سے اتفاق نہیں کرتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فردوس عاشق اعوان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کا ضامن ہے، چین ہمارا قریبی دوست ہے، چین نے آزمائش کی ہر گھڑی میں ہمارا ہمیشہ ڈٹ کر ساتھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک ایک عظیم راہداری ہے، یہ منصوبہ ہماری اقتصادی ترقی کا ضامن ہے، سی پیک پاکستان اور چین ہی نہیں بلکہ پورے خطے کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھولے گا، اس منصوبے کے حوالے سے امریکی خدشات سے اتفاق نہیں کرتے ہیں۔

وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی نے کہا کہ شہد سے میٹھی، ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے گہری پاک چین دوستی دنیا میں ایک مثال بن چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کے تحت اقتصادی زونز کے قیام سے عوام کے لیے خوش حالی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ چین سے لیے گئے کمرشل قرض میں آنے والے ماہ و سال میں کمی نظر آئے گی۔

تازہ ترین