اسلام آباد کے سیکٹر جی نائن کراچی کمپنی میں نوجوان لاریب کے قتل کے وقت موقع پر موجود خاتون کے جسمانی ریمانڈ میں مزید ایک دن کی توسیع کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے میجرلاریب قتل کیس میں گرفتار خاتون علینہ کا مزید ایک روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔ سول جج ثاقب نثار جواد نے ملزمہ کا مزید ایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔
یہ بھی پڑھیے: لاریب کے قتل کے وقت موجود خاتون گرفتار
اس سے قبل علینہ کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیاگیا تھا۔ پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ پولیس نے تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے علینہ کو گرفتار کیا تھا۔
واضح رہے کہ جمعرات کی رات کراچی کمپنی پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع جی نائن ون میں پولیس اپارٹمنٹ کے قریب ایک حساس ادارے کے آفیسر لاریب کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔
موٹرسائیکل سوار شوٹرز نے حساس ادارے کے افسر کو اس وقت گولیوں کا نشانہ بنایا جب وہ نجی فضائی کمپنی کی ملازمہ کے ساتھ ایک باغ میں بیٹھا ہوا تھا، آفیسر کو سر میں گولیاں لگیں جس کی وجہ سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا تھا۔
عینی گواہ علینہ نے پولیس کو اپنے تحریری بیان میں کہا کہ میں ایک نجی ائیر لائن میں ملازم ہوں، لاریب میرا خاندانی دوست تھا جو ایک حساس ادارے کے ساتھ بطور آفیسر کام کر رہا تھا، لاریب مجھے اپنی کار میں بٹھا کر جی ٹین لے کر آیا۔
علینہ نے بتایا تھا کہ میں جی نائن ون میں خواتین کے ہوسٹل میں رہتی ہوں، میں اور لاریب جی ٹین میں واکنگ ٹریک پر لگے بنچ پربیٹھے ہوئے تھے جب دو نوجوان ہمارے پاس آئے اور کچھ فاصلے پر کھڑے ہوگئے، ان میں سے ایک کے پاس پستول تھا۔