• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دور جدید میں کسی بھی پروجیکٹ پر اچھی رہنمائی حاصل کرنا خاصا مشکل ہے، اس صورتحال میں گھر کی تعمیر یا تعمیر نو ایک مشکل فیصلہ ثابت ہوسکتا ہے۔ لہٰذا سب سے پہلا کام تعمیراتی ٹھیکیدار کی تلاش ہوتا ہے، بظاہر یہ تلاش آسان اور معمولی کام لگتی ہے لیکن درحقیقت خوابوں جیسی رہائش گاہ کی بہترین تعمیر اور پیسوں کے دانشمندانہ استعمال کی خواہش اس تلاش کو مشکل بنا دیتی ہے۔ 

یوں سمجھیں کہ ایک ٹھیکیدار ہی آپ کے پیسے کو قدر فراہم کرتا ہے لیکن اگر وہ ناتجربہ کار او ر کام کا کچا ہے تو آپ کے سرمائے کو برباد کرسکتا ہے۔ ایک مناسب ٹھیکیدار کا انتخاب یا تعین کس طرح کیا جاسکتا ہے، اس حوالے سے مضمون میں دی گئی رہنمائی آپ کیلئے مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

کیا آپ کے پاس منصوبہ ہے ؟

کسی ٹھیکیدا ر کی تلاش سے قبل آپ کے پاس ایک منصوبے کا ہونا ضروری ہے، مثلاًآپ کا پروجیکٹ کیا ہے اور کتنا بڑا ہے ؟ کتنے عرصے میں آپ اس کے مکمل ہوجانے کی خواہش رکھتے ہیں؟ وغیرہ وغیرہ ۔ عام طور پر اس کام کے لیے آرکیٹیکچر ہائر کیا جاتا ہے لیکن بجٹ کم ہونے کی صورت میں آپ انٹرنیٹ پر موجود معلومات سے بھی مدد حاصل کرسکتے ہیں۔ اگر آپ اپنے پروجیکٹ کی تکمیل ایک آرکیٹیکچر سے کرواسکتے ہیں تو اپنی محنت کسی ٹھیکیدار کو ڈھونڈنے میں ضائع نہ کریں۔

معلومات حاصل کریں

اپنے حلقہ احباب میں نظر دوڑائیں اور جانیں کہ حال ہی میں یا کچھ عرصہ قبل بننے والے وہ کون سےرہائشی منصوبے ہیں جو آپ کے دوست احباب میں مثالی پروجیکٹ تصور کیے جاتے ہیں۔ ان رشتہ داروں یا دوستوں سے رابطہ کریں اور متعلقہ ٹھیکیدار کے بارے میں دریافت کرکے اس سے ملاقات کریں۔ بصورت دیگر اپنے تمام دوست احباب کو مطلع کریں کہ آپ گھر کی تعمیر کے لیےکسی بااعتماد اور تجربہ کار تعمیراتی ٹھیکیدار کی تلاش میں ہیں، اس سلسلے میں سوشل میڈیا فرینڈز سے بھی مدد لی جاسکتی ہے۔

ٹھیکیداروں سے انٹرویو

گھر کی تعمیر ایک ایسا فیصلہ ہے، جو آپ بار بار یا آئے روز نہیں کرتے۔ کسی ایک یا مخصوص ٹھیکیدار پر اکتفا نہ کیجیے ، اردگرد نظر دوڑائیں کہ دوسرے ٹھیکیدار آپ کو کیا اچھی آفرز دے سکتے ہیں۔ کسی ایک ٹھیکیدار کی بتائی ہوئی رقم یا خیالات پر آپ اسے گھر کی تعمیرکا ٹھیکہ دینے کا فیصلہ نہ کریں۔ ایک ایسے ٹھیکیدار کا انتخاب کریںجو کم بجٹ میں آپ کو اچھی آفر پیش کرسکے۔ اس مقصد کے لیے ایک کے بجائےمختلف ٹھیکیداروں سے ملیں، با ت چیت کریں اور ان کی رائے جانیں۔ 

ان کے تجربے، کام اور قیمت کا اندازہ کرنے کے لیے پہلے سے موجود ان کے پروجیکٹس دیکھنے کی کوشش کریں۔ انٹرویو کے دوران آپ ٹھیکیداروںسے ریفرنسز، لائسنس، شیڈول اور قیمت سمیت تمام چیزوں کے متعلق معلومات حاصل کرسکتے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایاجاسکے کہ آیا جسے آپ تعمیراتی ٹھیکیدار کے طور پر منتخب کرنے کا سوچ رہے ہیں وہ آپ کے مجوزہ منصوبے کے لیے فٹ ہے یا نہیں۔ تاہم حتمی فیصلہ لازماً کسی تجربے کارٹھیکیدار کے حق میں آنا چاہیے کیونکہ کوئی چاہے کچھ بھی کہے لیکن تجربے کا کوئی مول نہیں۔ 

یقیناً آپ ایک ایسے ٹھیکیدار کو کام دینا چاہیں گے جو اپنے کام میں ماہر ہو، مستحکم ہو اور اس کے پاس اچھا کام کرنے والے سب کنٹریکٹرز کی ایک ٹیم موجودہو۔یہ تمام تر معلومات اور سوالات آپ کے لیے بہترین تعمیراتی ٹھیکیدار کا انتخاب کرنے میں خاصے مددگار ثابت ہوں گے۔

بجٹ معلوم کریں

ایک مثالی ٹھیکیدار کا بجٹ عمومی طور پر تین حصوں پر مشتمل ہوتا ہے ۔

1۔ ایک تہائی حصہ مزدوروں کے لیے

2۔ ایک تہائی حصہ مواد کے لیے

3۔ ایک تہائی حصہ منافع اور متفرق اخراجات کے لیے

عموماً ٹھیکیدار آپ سے ہر چیز کی قیمتوں میں اضافے کا کہہ کر آپ سے زیادہ پیسے بٹورنے کی کوشش کرتا ہے، لہٰذا مارکیٹ سے معلومات حاصل کرکے اس بات کو یقینی بنائیں کہ ٹھیکیدار آپ کو تعمیراتی سامان کی اصل قیمت کے مطابق ہی بجٹ سے آگاہ کررہا ہے یا نہیں۔ اس مسئلے کے حل کے لیے آپ ٹھیکیدار کے بجٹ مختص کیے جانے کے بعد یا اس سے قبل مارکیٹ جائیں، کچھ چیزیں اگر خود بھی خرید لی جائیں تو گھاٹے کا سودا نہیں، کوشش کریں کہ یہ اصول شروع سے ہی قائم کرلیا جائے۔

کنٹریکٹ اور ادائیگی کا منصوبہ

حتمی پیشکش اور معاہدہ کسی بھی منصوبے کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔ اس عمل کے ذریعے یہ طے پاتا ہے کہ آپ نے کتنی قیمت ادا کرنی ہے۔ اس دوران چند باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔

آئٹمائزڈ بِڈ(itemized bid) : یہ وہ بولی ہےجو ظاہر کرے گی کہ پروجیکٹ کی مجموعی رقم میں مواد، مزدوری اور سامان کی لاگت کتنی ہے۔ یہ قیمت آپ کے دستیاب بجٹ کا 10سے15فیصد بھی ہوسکتی ہے ۔

کنٹریکٹ: معاہدہ دراصل ایک تحریری دستاویز ہے، جو ثابت کرتا ہے کہ آپ کیا کرنا چاہتے ہیں۔ اس معاہدے میں آپ کنٹریکٹر سےگھر کی تعمیر کے حوالے سےٹائم فریم اور شیڈول متعین کرواتے ہیں، ساتھ ہی کمپنیز سے رابطہ اور انشورنس کی تفصیلات بھی درج کی جاتی ہیں، تعمیر میں حصہ لینے والے مزدور وں کے نام، استعمال ہونے والا سامان اور ادائیگی کا طریقہ کار جیسی باتیں بھی لکھی جاتی ہیں ۔

تازہ ترین