یوپی میں سسرالیوں سے تنگ پولیس کانسٹیبل کی اہلیہ نے خودکشی کر لی، مرنے سے قبل انسٹاگرام ویڈیو میں ہراسانی کا الزام لگادیا۔
بھارتی ریاست اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا، ایک خاتون نے سوشل میڈیا پر اپنے سسرالیوں پر سنگین الزامات عائد کیے اور پھر خودکشی کرلی، پولیس کو 24 سالہ سومیا کشیپ کی لاش ان کے گھر میں پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی تھی۔
خودکشی سے صرف چند منٹ قبل سومیا نے انسٹاگرام پر ایک دل خراش ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ روتے ہوئے اپنے سسرال والوں پر ذہنی و جسمانی تشدد، ہراسانی اور قتل کی سازش کرنے کے الزامات لگا رہی ہیں، ویڈیو میں سومیا کے چہرے اور بازوؤں پر زخموں کے نشانات بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔
سومیا کا کہنا تھا کہ ان کے جیٹھ نے جان سے مارنے کی دھمکی دی جبکہ ان کے شوہر کے چچا، جو پیشے سے وکیل ہیں انہوں نے انوراگ کو مبینہ طور پر مشورہ دیا کہ وہ اپنی بیوی کو مار ڈالے کیونکہ وہ قانونی مسئلہ سنبھال لیں گے۔
ویڈیو میں سومیا کے ہاتھ میں وہ دوپٹہ بھی نظر آ رہا ہے جس سے بعد میں اس نے پھندا لگا کر خودکشی کی۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس متحرک ہوئی اور فرانزک ٹیم نے شواہد اکٹھے کیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے والدین کی جانب سے تحریری شکایت ملنے کے بعد باقاعدہ ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
اس افسوسناک واقعے پر سوشل میڈیا پر ہزاروں صارفین سومیا کی ویڈیو کو بنیاد بنا کر گھریلو تشدد اور خواتین پر ظلم کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔