بھارتی میڈیا نے ایک بار پھر سنسنی کے ساتھ ساتھ فیک نیوز پھیلانے کی بدنامی مول لے لی ہے، برطانیہ میں ایزی جیٹ کی فلائٹ میں ہنگامہ کرنے اور ’اللّٰہ اکبر‘ کے نعرے لگانے والا شخص مسلمان نہیں بلکہ ہندو نکلا۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے حمایتی بھارتی میڈیا اینکرز نے ایک بار پھر بغیر تحقیق کیے مسلمانوں کے بغض میں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کی اور اسے مسلمانوں سے جوڑ دیا۔
بی جے پی کے حامیوں، اسلام مخالف متعدد بھارتی میڈیا اینکرز اور سوشل میڈیا صارفین نے اس ویڈیو کو مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانے کے لیے استعمال کیا حالانکہ حقیقت میں ملزم ایک ہندو ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ ہندو شخص جہاز میں ’ڈیتھ ٹو امریکا، ڈیتھ ٹو ٹرمپ‘ اور ’اللّٰہ اکبر‘ کے نعرے لگا رہا ہے، ہنگامہ کرنے پر دو افراد اسے دورانِ فلائٹ ہی قابو کر لیتے ہیں۔
مذکورہ واقعہ گزشتہ اتوار کو پیش آیا تھا جہاں لینڈنگ کے بعد پولیس نے 41 سالہ ابھے نائک کو گرفتار کر لیا جو لوٹن کا رہائشی ہے۔
ابھے نائک کو گرفتار کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اس پر پولیس کی جانب سے جہاز کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے اور حملے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔