اداکارہ، میزبان، پروڈیوسر اور سماجی کارکن مریم نفیس نے شوبز انڈسٹری کی منافقت کو بے نقاب کر دیا۔
مریم نفیس اپنے بے باک مؤقف کی وجہ سے جانی جاتی ہیں، وہ ان چند فنکاروں میں شامل ہیں جو بغیر کسی خوف یا مصلحت کے سچ بات کہنے سے گریز نہیں کرتیں۔
جیو ٹی وی کے شو ہنسنا منع ہے میں جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ شوبز انڈسٹری میں کیا چیز بدلنا چاہیں گی، تو مریم نے بلا جھجک کہا، ’منافقت‘۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں لوگ دو چہرے رکھتے ہیں، سامنے کچھ اور پیٹھ پیچھے کچھ اور، لوگ سامنے خوش اخلاقی سے ملتے ہیں لیکن بعد میں انہی کے خلاف باتیں کرتے ہیں۔
پروگرام کے میزبان تابش ہاشمی نے بھی اس بات کی تائید کی اور کہا کہ انہوں نے خود بھی دیکھا ہے کہ پیٹھ پیچھے باتیں کرنا شوبز کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ سچائی اور خلوص ناپید ہوتا جا رہا ہے اور رشتے دکھاوے پر مبنی ہیں۔
مریم نفیس نے بتایا کہ میں صرف چند قریبی دوستوں سے ہی میل جول رکھتی ہوں جس میں عثمان خالد بٹ، احمد علی اکبر اور اعظم خان شامل ہیں کیونکہ میں ان لوگوں پر بھروسہ کرتی ہوں۔