• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ دنوں بارسلونا میں محفل مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا ،جس میں پاکستان سے تشریف لائے ہوئےمعروف شاعر وصی شاہ مہمان خصوصی تھے ۔ محفل مشاعرہ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا ،جس کی سعادت قاری الحاج عبدالرحمان چوہدری نے حاصل کی ، نعت رسول مقبول ﷺ معروف نعت خواں اویس سعید حیدری نےادا کی۔ 

اسٹیج سیکرٹری کے فرائض حافظ احمد نے انجام دیے اور منفرد انداز میں نقابت کو سب کی سماعتوں تک پہنچایا ۔محفل مشاعرہ میں بارسلونا کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے معززین نے بھر پور شرکت کی ۔ شرکاء میں خواتین و حضرات کی تعداد قابل دید تھی ، اس محفل کا اہتمام قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا میں کیا گیا تھا ،جس کے لئے قونصل جنرل بارسلونا کی خصوصی دلچسپی شامل حال تھی ۔ اویس سعید حیدری نے ’’دل بڑا بے قرار ہے آقا ، بس آپ کا انتظار ہے آقا‘‘ جیسے گلہائے عقیدت بارگاہ رسالت ﷺ میں پیش کئے ۔

وقت کم ہونے کی وجہ سے مقامی شعراء میں سے دو شعراء ہی اپنا کلام سنا سکے۔مشاعرے کی باقاعدہ صدارت قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری نے کی ۔خواتین میں جوزفین کرسٹینا ، کرن خان ، مسز طاہرہ ، نورین عمران ، مریم اور دیگر شامل تھیں ۔سب سے پہلے حافظ احمد نے شاعری اور موجودہ حالات کے ساتھ ساتھ دیار غیر میں اردو ادب کو کس طرح زندہ رکھا جائے جیسے موضوعات پر تفصیل سے گفتگو کی اور اس کے بعد مقامی شعراء میں سے پہلے شاعر ارشد نزیر ساحل کو اپنا کلام سنانے کی دعوت دی ، ارشد نزیر ساحل نے دو غزلیں سنائیں اور شرکاء تقریب سے خوب داد وصول کی ۔دوسرے شاعر اسپین میں مقیم پاکستان کے پہلے سرجن ڈاکٹر راجہ عرفان مجید تھے جنہوں نے اپنا کلام پیش کیا اور اپنے تازہ کلام سمیت اپنی کتاب میں سے کچھ کلام بھی پیش کیا ،جس پر حاضرین نے خوب داد دی ۔

مہمان شاعر وصی شاہ سے پہلے برطانیہ سے آئے سینئر صحافی مبین رشید کو اسٹیج پر اظہار خیال کے لئے بلایا گیا ، انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بارسلونا اور پھر قونصلیٹ جنرل آفس پاکستان آفس میں آکر انتہائی خوشی محسوس ہوئی ہے کیونکہ دنیا بھر کے قونصل خانوں اور سفارت خانوں میں اس کا ماحول کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے ، انہوں نے کہا کہ قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری نے ساری کمیونٹی کے لئے بلا امتیاز قونصل خانے کے دروازے کھول کر ایک نئی مثال قائم کی ہے جس پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، انہوں نے کہا کہ سفارت خانے اور قونصل خانے پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہوتے ہیں لیکن وہاں تک رسائی کم لوگوں کو حاصل ہوتی ہے ، انہوں نے کہا کہ قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا میں مختلف قسم کی مصروفیات اور شعبوں کو شروع کرنا قونصل جنرل کی کمیونٹی کے لئے بھر پور محبت کا ثبوت ہے ، میں لندن سے آیا ہوں لیکن وہاں بھی ایسا ممکن نہیں ، انہوں نے کہا کہ اردو زبان کی ترویج و ترقی اور اردو ادب کے فروغ کے لئے ایسی محافل ہماری آنے والی نسلوں کو ملک و قوم سے متعارف رکھنے اور کلچر سے جڑے رہنے کا بہترین ذریعہ ہیں ، قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا میں تعینات قونصل جنرل علی عمران چوہدری نے جس طرح ثقافتی اور قومی تقریبات کے لئے اپنے دروازے کھول دیئے ہیں وہ تعریف کے قابل ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں نے بزنس ، کنسٹریکشن اور ٹیکسی سیکٹر میں بہت زیادہ ترقی کی ہے جس سے پاکستان کا نام مقامی کمیونٹیز میں روشن ہوا ہے۔

مبین رشید کے بعد وصی شاہ کو اسٹیج پر بلایا گیا ، انہوں نے بھی بارسلونا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے جوش و جذبے اور اردو ادب سے لگاؤ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسا دوسرے ممالک میں کم نظر آتا ہے کہ لوگ اشعار سننے یا مضامین سننے کے لئے اتنی دیر کسی جگہ بیٹھے رہیں ، انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ اردو ادب سے محبت اور اپنے دیس کی ہواؤں کا اثر ہے کہ لوگ اپنی زبان سننا چاہتے ہیں ، میری شاعری نوجوانوں کے گرد گھومتی ہے ۔ وصی شاہ سے ان کاسارا کلام ہی شرکاء تقریب نے سنا اور انہیں بے پناہ داد دی ، ان کی نظم کنگن کو فرمائش پر سنا گیا ۔

قونصل جنرل بارسلونا علی عمران چوہدری نے اردو کی ترویج پر کام کرنے والوں میں تعریفی سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے۔جس میں حافظ احمد، محمد غضنفر ، ارشد ساحل ، کرن خان ، شاہد احمد شاہد ، راجہ سونی ، راقم، ڈاکٹر عرفان ، جاوید مغل ، ضیغم وارثی ، نامدار اقبال خان اور دیگر لوگ شامل تھے ۔ شرکاء تقریب کے لئے چائے اور سموسوں کا اہتمام بھی کیا گیا تھا ۔ پروگرام کے اختتام پر قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری نے تمام شرکاء کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قونصل خانہ پاکستانیوں کی قومی اور سماجی تقریبات کے لئے حاضر ہے ۔اس موقعے پر قونصل جنرل کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور وصی شاہ کی کتابیں ان کے آٹو گراف کے ساتھ کمیونٹی نے خریدیں ۔

تازہ ترین