• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اے ایف سی انڈر۔19 فٹبال: پاکستان کو آخری میچ میں بھی شکست

اے ایف سی انڈر۔19 فٹ بال چیمپئن شپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستانی ٹیم عمان کے خلاف آخری میچ میں بھی شکست کھا گئی۔

پانچ ٹیموں پر مشتمل گروپ اے میں پاکستانی ٹیم پانچویں اور آخری نمبر پر رہی۔ گروپ میں عراق اور کویت کی ٹیمیں سات سات پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ ان دونوں ٹیموں نے تین تین میچز کھیلے ہیں اور امکان ہے کہ یہی دو ٹیمیں اس گروپ سے اگلے راؤنڈ میں پہنچنے میں کامیاب رہیں گی۔

گروپ اے میں پاکستان کے ہمراہ کویت، عمان، فلسطین اور عراق کی ٹیمیں شامل تھیں۔

قومی ٹیم نے چار میچوں میں گیارہ گول کھائے جبکہ اس کے کھلاڑیوں نے صرف دو گول کئے۔ پاکستانی ٹیم کو سب سے بڑی شکست فلسطین کے خلاف ہوئی جس میں اسے 5-1 کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

عمان کے شہر مستقط کے السعید فٹ بال اسٹیڈیم سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پاکستانی ٹیم کو گروپ کے آخری میچ میں عمان کے خلاف ایک صفر کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس میچ میں پاکستانی ٹیم کو گول برابر کرنے کے مواقع بھی ملے لیکن فنشنگ نہ ہونے کی وجہ سے قومی ٹیم کامیاب نہ ہوسکی۔

پاکستانی ٹیم کو پہلے میچ میں کویت کے خلاف 2-1 اور تیسرے میچ میں عراق سے 3-0 کی شکست کا سامنا رہا۔

قومی ٹیم کے کوچ ناصر اسماعیل نے جنگ سے بات ہوئے بتایا کہ کافی عرصے سے پاکستانی ٹیم انٹرنیشنل سرکٹ سے آؤٹ تھی جبکہ باقی تمام ٹیمیں انٹرنیشنل میچز کھیل کر ایکسپوژر حاصل کررہی تھیں۔ ہم نے ایونٹ کی مکمل تیاری کی تھی لیکن مخالف ٹیموں نے تجربہ اور مسلسل کھیل کی وجہ سے ہم پر برتری حاصل کی۔

انہوں نے بتایا کہ آخری میچ میں عمان سے ہمارا مقابلہ دلچسپ رہا۔ مخالف ٹیم کو ہمارے کھلاڑیوں نے بلاک کئے رکھا اور ان کے گول پر کئی اٹیک کئے لیکن بدقسمتی سے گول نہ ہوسکا۔ بہرحال میں یہی کہوں گا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے اس ایونٹ سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے۔ اگر ہمیں مستقل پریکٹس اور میچز ملتے رہے تو ہماری کارکردگی اس سے بہتر ہوگی۔

تازہ ترین