ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے اپنی پہلی اننگ میں 6 وکٹ کے نقصان پر 96 رنز بنالیے ہیں اور اسے آسٹریلیا کا 589 رنز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 493 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 4 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔
پاکستان کی جانب سے پہلی اننگ کا آغاز روایتی طور پر مایوس کن انداز میں آغاز ہوا اور 91 کے مجموعی اسکور پر ٹاپ 6 بلے باز پویلین لوٹ گئے۔
اوپنر امام الحق نے شان مسعود کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تو 2 رنز بنا کر امام الحق پویلین لوٹ گئے، ٹیم کا اسکور 22 رنز پر پہنچا تو کپتان اظہر علی بھی 9 رنز بنا کر چلتے بنے۔
شان مسعود کا ساتھ دینے کے لیے بابر اعظم کریز پر آئے تو شان مسعود خود ہی زیادہ دیر بابر کا ساتھ نہ دے سکے اور 38 کے مجموعی اسکور پر 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
شان کے جانے کے بعد پہلے اسد شفیق گراؤنڈ میں اترے مگر وہ بھی ٹیم کے اسکور میں بابر کے ساتھ مل کر 31 رنز کا اضافہ کر سکے اور 9 رنز بنا کر واپس لوٹ گئے۔
افتخار احمد 10 اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 42 اور یاسر شاہ صفر کے اسکور پر وکٹ پر موجود ہیں اور ٹیم کا مجموعی اسکور 32 اوور میں 6 وکٹ کے نقصان پر 91 رنز ہے۔
ڈے نائٹ ٹیسٹ کے دوسرے دن آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے اپنی ٹرپل سینچری مکمل کر لی جس کے بعد آسٹریلیا نے 583 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگ ڈیکلیئر کردی ہے۔
ٹیسٹ میں دوسرے دن آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 302 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو اسے ابتداء میں ہی لے بوشین کی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑگیا۔
لے بوشین 162 رنز اسکور کرنے کے بعد شاہین شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے اور یوں آسٹریلیا کی369 رنز پر گرنے والی دوسری وکٹ بھی شاہین شاہ کے ہی کھاتے میں آئی۔
وکٹ کے دوسری جانب گزشتہ روز کے ناٹ آؤٹ اوپنر ڈیوڈ وارنر موجود رہے جنہوں نے آج اپنی ٹرپل سینچری اسکور کی، وہ 335 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کی تیسری گرنے والی وکٹ اسٹیون اسمتھ کی تھی وہ 490 کے مجموعی اسکور پر 36 رنز بنا کر شاہین شاہ کا تیسرا شکار بنے، جبکہ میتھو ویڈ 38 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل گزشتہ روز شروع ہوئے ’’پنک بال ٹیسٹ‘‘ میں آسٹریلوی کپتان ٹم پین نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو ابتداء میں غلط ثابت ہوا اور 8 رنز کے مجموعی اسکور پر اوپنر جو برنس شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ٹیم پین کے آوٓٹ ہونے کے بعد لابوشین میدان میں اُترے اور ڈیوڈ وارنر کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا، آسٹریلوی جوڑی کے سامنے پاکستانی بولرز بالکل بے بس نظر آئے۔
دونوں بیٹسمینوں نے اعتماد سے بیٹنگ کرتے ہوئے مزید کوئی وکٹ گنوائے دوسری وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 294 رنز جوڑ کر مجموعی اسکور 302 رنز تک پہنچادیا، بارش کے باعث دن بھر میں 73 اوور کا کھیل ممکن ہوسکا تھا۔
اس سے قبل جب میچ شروع ہوا تو پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے ابتداء میں ہی 8 کے مجموعی اسکور پر برنز کی وکٹ حاصل کر لی تھی جس کے بعد آسٹریلیا کی جانب سے محتاط بیٹنگ کا مظاہرہ کیا گیا۔
پنک بال سے کھیلے جارہے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، حارث سہیل، عمران خان اور نسیم شاہ کو ڈراپ کیا گیا ہے، جبکہ موسیٰ خان، محمد عباس اور امام الحق کو اس ٹیسٹ میں موقع دیا گیا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کھیلنے والے فاسٹ بولر موسیٰ خان ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں ڈیبیو کر رہے ہیں، سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے انہیں ٹیسٹ کیپ دی۔
ٹیسٹ کیپ ملنے کے بعد موسی خان کا کہنا تھا کہ میرے لیےبہت اعزاز کی بات ہے کہ میں نے اتنے بڑے کھلاڑی سے ایک اہم ٹیسٹ میں ٹیسٹ کیپ حاصل کی ہے۔
موسیٰ خان پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کھیلنے والے 238 ویں کھلاڑی بن گئے ہیں، موسیٰ خان نے سات فرسٹ کلاس میچز اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلا ہے۔
موسیٰ نے کہا کہ وہ پوری توجہ بولنگ پر رکھیں گے اور اپنا سو فیصد دینے کی کوشش کریں گے۔