بعض لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ دانتوں کو صحت مند رکھنے کے لیے صرف برش کرنا ضروری ہے جبکہ یہ غلط ہے کیونکہ صرف دِن میں ایک بار برش کرنے سے آپ کے دانت صحت مند نہیں ہوں گے بلکہ اِس کے لیے ضروری ہے کہ ہم وہ خراب عادتیں چھوڑ دیں جو ہمارے دانتوں کو متاثر کرتی ہیں۔
ہماری روز مرہ کی زندگی میں بہت سی عادتیں ایسی ہوتی ہیں جن سے ہماری صحت متاثر ہوتی ہے اِسی طرح دانتوں کی بیماریوں سے بچنے کے لیے اور دانتوں کی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم اُن ناقص عادات سے دور رہیں جو ہمارے دانتوں کو خراب کرتی ہیں۔
سونے سے پہلے برش نہیں کرنا:
بعض لوگ صبح کے وقت تو برش کرلیتے ہیں لیکن رات کو سوتے وقت برش کرنے میں سُستی کرتے ہیں جبکہ رات کو سونے سے پہلے برش کرنا اُتنا ہی ضروری ہے جتنا صبح سو کر اُٹھنے کے بعد ضروری ہوتا ہے کیونکہ ہم دِن بھر جو کھاتے ہیں وہ ہمارے دانتوں میں لگاہوا ہوتا ہے اور اگر ہم برش کیے بغیر سو جائیں گے تو اِس سے ہمارے دانت میں درد بھی ہوسکتا ہے اور اِس کے علاوہ دانتوں کی صحت پر بھی اثر ہوسکتا ہے، لہٰذا صحت مند دانتو ں کے لیے ضروری ہے روزانہ رات کو سونے سے پہلے برش کیا جائے اور اُس کو اپنی عادت بنائی جائے۔
تمباکو نوشی:
تمباکو نوشی سے ناصرف ہمارے پھیپھڑے مُتاثر ہوتے ہیں بلکہ اِس سے ہمارے جسم کے دیگر حصوں اور اعضاء پر بھی گہرہ اثر ہوتا ہے، اِس کے علاوہ تمباکو نوشی سے ہمارے دانتوں کی صحت بھی خراب ہوتی ہے، یہ ہمارے دانتوں پر گہرے سیاہ داغ چھوڑ دیتی ہے اور ہمارے مسوڑوں کو بھی متاثر کرتی ہے، لہٰذا صحت مند دانتوں کے لیے ضروری ہے کہ تمباکو نوشی کی عادت کو ترک کیا جائے۔
بہت زیادہ سافٹ ڈرنکس کا استعمال:
کاربونیٹڈ مشروبات اور سافٹ ڈرنکس کا حد سے زیادہ سے استعمال بھی ہمارے دانتوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے، یہ ہمارے دانتوں کو نقصان پہنچاتی ہیں اور اگر دانتوں میں کوئی زخم ہوجائے تو اِن ڈرنکس کی وجہ سے وہ زخم جلدی ٹھیک بھی نہیں ہوتا ہے، لہٰذا ضروری یہ ہے کہ اپنی غذا میں سافٹ ڈرنکس کا استعمال کم سے کم کیا جائے۔
سخت برش کا استعمال:
اگر آپ اپنے دانتوں کی صفائی کے لیے سخت برش استعمال کرتے ہیں تو اِس سے آپ کے مسوڑے متاثر ہوں گے اور آپ کے منہ میں زخم بھی ہوسکتے ہیں، لہٰذا دانتوں کی صفائی کے لیے ضروری ہے کہ آپ نرم برش استعمال کریں اور اِس کے علاوہ ہرچند ماہ کے بعد دانتوں کا برش بھی تبدیل کریں۔