• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ملکہ حسن کی ’مس ورلڈ منتظمین‘ کیخلاف قانونی کارروائی

اعزاز واپس لینے اور مقابلہ حسن میں شرکت سے روکے جانے پر یوکرائن کی ملکہ حسن نے برطانیہ میں موجود مس ورلڈ کونٹیسٹ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

غیر ملکی ٹیبلائیڈ کی رپورٹ کے مطابق سابقہ ملکہ حسن ویرونیکا ڈیڈوسینکو کو 2018  میں مس یوکرائن کا اعزاز دیا گیا تھا۔

اعزاز حاصل کرنے کے 4 روز بعد جب یہ انکشاف ہوا کہ ملکہ حسن طلاق یافتہ ہیں اور ان کا ایک 4 سالہ بیٹا بھی ہے تو ان سے یہ اعزاز واپس لے لیا گیا تھا اور اس کے ساتھ ساتھ انہیں مس ورلڈ کے فائنل مقابلوں میں حصہ لینے سے بھی روک دیا گیا تھا۔

اب یوکرائن کی سابقہ ملکہ حسن نے مس ورلڈ کونٹیسٹ کے خلاف مقدمہ دائر کردیا ہے، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ منتظمین نے ایکوالیٹیز ایکٹ 2010 کی خلاف ورزی کی ہے اور جدید دنیا کی عکاسی کے لیے انٹری کا اپنا پرانا طریقہ کار تبدیل کیا۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب اب سے صرف 2 ہفتے بعد لندن میں مس ورلڈ کا مقابلہ حسن ہونے جارہا ہے۔

24 سالہ ویرونیکا ڈیڈوسینکو نے الزام عائد کیا کہ منتظمین نے ان کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جس سے ان کی عوامی سطح پر تذلیل ہوئی۔

عالمی ملکہ حسن کے مقابلے منعقد کرنے کے لیے ایرک مورلے نامی پریزینٹر نے مس ورلڈ نامی یہ ادارہ 1951 میں قائم کیا تھا۔

اس ادارے نے ہمیشہ سے ہی شادی شدہ خواتین کی مقابلے میں شرکت پر پابندی عائد کر رکھی ہے اور صرف انہیں ہی اس میں شرکت کی اجازت دی جاتی ہے جو ان کے قواعد و ضوابط پر پورا اترتی ہیں۔

ویرونیکا ڈیڈوسینکو کہتی ہیں کہ انہیں اس فیصلے سے شدید ذلت کا سامنا کرنا پڑا، میں یقین نہیں کرسکتی کہ آج کی اس دنیا میں بھی ایسا فیصلہ لیا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین