لاہور(نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نےکہا ہےکہ لوگ پنجاب حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں، پنجاب حکومت پر میرے بھی تحفظات ہیں، لیکن عثمان بزدار اب سیکھ چکے ہیں، آگے ان کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔آرمی چیف کی مدت ملازمت کا فیصلہ 6 ہفتے میں ہوجائیگا۔ جنرل باجوہ کو نئے تین سال مل گئے ہیں اور ہمارے بھی 3سال ابھی باقی ہیں۔ آصف زرداری پلی بارگین کرلیں گے، انکے بندوں نے پیسے دینا شروع کر دیئے ہیں۔فضل الرحمٰن کو کھلی چھٹی دیدی کہ جمعہ جمعہ کھیلے، جس دن جلسہ کرے اس دن سمجھیں جمعہ ہے۔فضل الرحمٰن کو کھلی چھٹی دیدی، پنجاب میں بیوروکریسی کی تبدیلی سے میرا نہیں خیال کہ کوئی تبدیلی آئے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے ہیڈکوارٹرز میں ہفتہ وار پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ نے آرمی کے معاملہ میں دور اندیشی کا فیصلہ کیا، آرمی چیف کی 3سالہ توسیع 6ماہ کی بجائے 6ہفتوں میں ہی ایکٹ آف پارلیمنٹ سے حل ہو جائے گی اور اگر آئین میں ترمیم کی بھی ضرورت پڑی تو قمر جاوید باجوہ کی توسیع کے معاملہ پر تمام پارٹیاں متفق ہیں۔