• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی میوزک بینڈ کولڈ پلے کا امجد صابری کو خراج عقیدت

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)برطانوی راک میوزک بینڈ’ ʼکولڈ پلے‘ کے حال ہی میں سامنے آئے البم ʼ’ایوری ڈے لائف‘ میں پاکستان کے نامور قوال امجد صابری کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔کولڈ پلے کے اس نئے البم میں موجود گانے’ ʼچرچ‘ میں امجد صابری کی قوالی ʼ’جگا جی لگانے‘ کے کچھ بول بھی شامل کیے گئے۔ ایک انٹرویو میں کولڈ پلے کے موسیقار کرس مارٹن کا کہنا تھا کہ’ چرچ‘ ان کے البم کا دوسرا گانا ہے اور یہ گانا انہوں نے بہت سی شخصیات کی زندگی سے متاثر ہوکر تیار کیا۔کرس مارٹن کا کہنا تھا کہ ʼہمارے اس گانے میں پاکستانی گلوکار امجد صابری کو بھی حصہ بنایا گیا، افسوس اس بات کا ہے کہ انہیں قتل کردیا گیا تھا۔البتہ اب تک یہ بات واضح نہیں ہوپائی کہ کولڈ پلے نے امجد صابری کے اس گانے کو اپنے گانے میں شامل کرنے کے لیے ان کے خاندان سے اجازت لی یا نہیں۔خیال رہے کہ 22 جون 2016 کو امجد صابری کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد نمبر 10 میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے حملہ کرکے قتل کردیا تھا۔39 سالہ امجد صابری معروف قوال صابری گھرانے سے تعلق رکھتے تھے اور غلام فرید صابری کے صاحبزادے تھے۔مقبول صابری اور غلام فرید صابری نے دنیا بھر میں قوالی کو متعارف کرایا تھا اور عارفانہ کلام میں نمایاں مقام حاصل کیا۔اسی گھرانے میں امجد صابری 23 دسمبر 1976 کو پیدا ہوئے اور 1988 میں فنی سفر کا آغاز کیا اور اپنے والد کی مشہور زمانہ قوالی تاجدار حرم کو یوں پیش کیا کہ سننے والے جھوم گئے۔امجد صابری اپنی بہترین آواز اور انفرادیت کی وجہ سے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل کرنے میں کامیاب رہے اور ہندوستان میں بھی لوگ ان کے قوالیوں کے دیوانے ہوئے۔امجد صابری نے قوالی کے شعبے کو عوام میں مقبول بنانے کے لیے اس میں نت نئے تجربات کیے اور اسے جدت کے ساتھ پیش کیا۔ان کی چند مشہور قوالیوں میں سے ایک تو ان کے والد اور چاچا مقبول صابری کی قوالی’ ʼتاجدار حرم‘ کو دوبارہ نئے انداز سے پیش کرنا تھا جسے بہت مقبولیت حاصل ہوئی۔

تازہ ترین