• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائیکورٹ:ملازم کو ہراساں کرنے پر پرنسپل میڈیکل کالج ساہیوال کی طلبی

ملتان (سٹاف رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے محکمہ ہیلتھ کے سرکاری کوارٹر میں رہنے والے ملازم کو ہراساں و پریشان کرنے کی درخواست پر پرنسپل میڈیکل کالج و ہیڈ آف بورڈ ساہیوال کو 10 دسمبر کو آئندہ سماعت ان پرسن طلب کرلیا ہے، عدالت عالیہ نے یہ احکامات حکم عدولی پر دیا ہے، فاضل عدالت میں منی ڈسپنسری ہسپتال گرین مارکیٹ ساہیوال کے رہائشی رمیز راجہ بشیر نے درخواست دائر کی تھی، دریں اثناہائیکورٹ نے نواب پور روڈ ملتان کی رہائشی شہناز مائی کی درخواست نمٹاتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ کو ہدایت کی ہے کہ وہ 21 روز کے اندر پٹیشنر کی شکایت کا ازالہ کریں، شہناز مائی نے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اسے جان بوجھ کر شرعی اور قانونی حقوق سے محروم کردیا گیا ہے اور لینڈ ریکارڈ کے عملے کی ملی بھگت سے جائیداد کی تقسیم کے انتقالات منظور کئے گئے جو قانون کے خلاف ورزی ہے جس پر ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ کو درخواست دی مگر اس کی شنوائی نہ ہوسکی۔لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے ایس ایچ او تھانہ صدر شجاع آباد کو حبس بے جا کی درخواست میں 3 محبوس بچوں کو بازیاب کراکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے،عدالت نے قرار دیا کہ عدالتی حکم کے باوجود پولیس محبوسان کو بازیاب کرانے میں ناکام رہی ، اس لئے سی پی او ملتان کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ذاتی طور پر اس معاملے کو دیکھیں اور محبوسان کی بازیابی کو آئندہ پیشی 9 دسمبر پر یقینی بنائیں، فاضل عدالت میں شجاع آباد کی خاتون بخش نےموقف اختیار کیا تھا کہ شوہر شبیر احمد نے مارپیٹ کر گھر سے نکال دیا اور3چھوٹے بچوں آمنہ ، منیبہ اور قاسم کو چھین کر محبوس بنا لیا ہے، دریں اثناہائیکورٹ نے حبس بے جا کی درخواست میں بازیاب ہونے والی شادی شدہ خاتون کے بیان پر اسے بھائی کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی ، فاضل عدالت میں پٹیشنر رحمان نے موقف اختیار کیا تھا کہ اس کی بہن مہناز بیگم جو 4 بچوں کی ماں ہے کو مبینہ طور پر حبیب، عبدالوارث، رانا امجد اور عمرفاروق نے لین دین پر اغوا کر کے نامعلوم مقام پر قید کیاہوا ہے، تھانہ شاہ شمس پولیس نے ملزمان کو پیش کیا تھا تو انہوں نے اس بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا اور بتایا کہ معاملہ لین دین کا ہے،پولیس نے خاتون کے بھائی سے تفتیش کی تو وہ برآمد ہوگئی۔دریں اثناہائیکورٹ نے کالونی ٹیکسٹائل ملز اسماعیل آباد ملتان کی درخواست منظور کرتے ہوئے دوسرے بینک سے قرضہ لینے کے لئے اراضی رہن رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔
تازہ ترین