کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب راجہ عامر عباس نے کہا ہے کہ آصف زرداری کوبھی طبی بنیادوں پرعدالت سے ضمانت ملنے کاامکان ہے،پی ٹی آئی فنڈنگ کیس سے متعلق سابق رہنما تحریک انصاف اکبر ایس بابر نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں چوتھی بار فنڈنگ کی بے ضابطگی کے ثبوت جمع کرائے ہیں ۔ یوں لگتا ہے پی ٹی آئی فنڈنگ کیس مزید التوا کاشکار ہوجائیگا ،کراچی میں دعامنگی کے اغوا کاروں کا تاحال کچھ معلوم نہ ہوسکا اس حوالے سے رہنما پیپلزپارٹی سعید غنی کا کہنا تھا کہ دعامنگی کے اغوا پر تشویش ہے ۔پولیس کو کچھ شواہد ملے ہیں جسے فی الحال میڈیا پربتانا مناسب نہیں ہوگا۔سابق ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب راجہ عامر عباس نے کہا کہ آصف زرداری کوبھی طبی بنیادوں پرعدالت سے ضمانت ملنے کاامکان ہے ۔آصف زرداری کا خیال تھا کہ انہیں ضمانت نہیں ملے گی لیکن جب انہوں نے دیکھا کہ طبی بنیاد پرنوازشریف کو ضمانت ملی تو انہوں نے بھی ضمانت کیلئے درخواست جمع کرادی ۔آصف زرداری کے کیس میں نیب کے ساتھ جے آئی ٹی نے بھی تحقیقات کی ہے جے آئی ٹی میں ٹھوس شواہد پیش کئے گئے ہیں۔