لاہور،اسلام آباد(نمائندہ جنگ،مانیٹرنگ سیل) وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ان ہائوس تبدیلی کی بات کرنے والے اپنے ہائوس میں تبدیلی کریں، پارلیمنٹ کے فیصلے عدالتوں نے کرنے ہیں تو وہ دن آئیگا جب ملک کے فیصلے عدالتیں ہی کرینگی،شہبازشریف اور نواز شریف کی واپسی میں تاخیر دیکھ رہا ہوں۔اسلام آباد اور لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں سے جہاں مسافر ٹرینیں منافع میں جارہی ہیں، مارکیٹ کا مقابلہ کرنے کے لیے کرایوں میں 10 فیصد کمی کررہے ہیں اور ریلوے خسارے کو تین سال میں ختم کردیں گے جب کہ 14 دسمبر کو ریلوے اسٹیشن سے واہگہ بارڈر تک ٹرین شروع کررہے۔شیخ رشید نے کہا کہ شہبازشریف، نواز شریف کے ساتھ ٹوکن کے طور پر گئے ہیں، شہبازشریف جب سچ بولیں گے ان کی سیاست ختم ہوجائے گی جب کہ دونوں کی واپسی میں تاخیر دیکھ رہا ہوں۔