• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

سپرلیگ، اسٹین، ہیلز، جیسن رائے پاکستان میں ایکشن دکھائیں گے، بڑے کرکٹرز کی انٹری

سپرلیگ، اسٹین، ہیلز، جیسن رائے پاکستان میں ایکشن دکھائیں گے


  لاہور (جنگ نیوز) پاکستان سپر لیگ کی ڈرافٹنگ کی تقریب میں دنیا کرکٹ کے نامور کھلاڑی جڑ گئے، جن کا انتخاب پلاٹینم ، گولڈ اور سلور کیٹگری میں جمعے کو لاہور میں ہونے والی تقریب میں کیا گیا۔ ڈیل اسٹین، جیسن رائے، ایلکس ہیلز سمیت عالمی کرکٹرز پاکستانی میدان میں ایکشن میں نظر آئیں گے،پلاٹینم کیٹیگری میں انگلش کھلاڑی چھائے رہے۔ ملتان سلطانز نے معین علی کی خدمات حاصل کیں۔ کراچی کنگز نے شرجیل خان کو گولڈ کیٹگری میں حاصل کیا۔ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ڈھائی سال کی پابندی مکمل کرنے والے اوپننگ بیٹسمین شرجیل خان پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ٹورنامنٹ سے اپنے کیریئر کا دوبارہ آغاز کریں گے۔ شرجیل خان 2017 کی پی ایس ایل کے دوران اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پائے گئے تھے جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان پر پانچ سال کی پابندی عائد کردی تھی ۔ پاکستان سپر لیگ کی ڈرافٹنگ میں پلاٹینم کیٹگری میں کرکٹر کے انتخاب کا پہلا حق دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو حاصل تھا جس نے انگلینڈ کے جیسن رائے کو منتخب کیا ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اس کیٹگری میں پہلے ہی دو کرکٹرز سرفراز احمد اور محمد نواز کو برقرار رکھا ہے۔ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو کراچی کنگز نے پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کیلئے کپتان مقرر نہیں کیا۔ کراچی کنگز کے مینٹور وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ ضروری نہیں جو پاکستان ٹیم کا کپتان ہو فرنچائز کا بھی کپتان ہو، عماد وسیم کو تسلسل کیلئے کپتان برقرار رکھا ، بابر اعظم ان کے نائب ہوں گے۔ ڈرافٹنگ میں لاہور قلندرز نے آسٹریلیا کے کرس لین کی خدمات حاصل کیں، جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اس کیٹیگری میں جنوبی افریقا کے مایہ ناز فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کو چنا۔ کراچی کنگز نے انگلش بیٹسمین ایلکس ہیلز کا پلاٹینم کیٹیگری میں انتخاب کیا۔ ملتان سلطان نے پلاٹینم کیٹیگری میں جنوبی افریقا کے رائیلی روسو کا انتخاب کیا، روسو اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کے تمام ایڈیشنز میں شرکت کر چکے ہیں لیکن انہوں نے تمام سیزنز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کی تھی البتہ اس مرتبہ وہ ایک نئی فرنچائز کی جانب سے ایکشن میں نظر آئیں گے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلاٹینم کی دوسری کیٹیگری میں بھی جنوبی افریقی کرکٹر کو ترجیح دی اورکولن انگرام کو ٹیم میں شامل کر لیا۔ ڈائمنڈ کیٹیگری میں پشاور زلمی نے ٹام بینٹن کی خدمات حاصل کیں جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے کولن منرو کی خدمات حاصل کیں جو گزشتہ سال کراچی کنگز کی طرف سے ایکشن میں نظر آئے تھے۔ کراچی کنگز نے کرس جورڈن کا انتخاب کیا جن کو پلاٹینم سے ڈائمنڈ کیٹیگری میں تنزلی کا سامنا کرنا پڑا اور اس سے قبل وہ لیگ میں پشاور زلمی کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے آسٹریلین آل راؤنڈر بین کٹنگ کو منتخب کیا جبکہ ملتان نے ڈائمنڈ کیٹگری کے بجائے پہلی وائلڈ کارڈ انٹری کو آزماکر سلور کیٹیگری کو ترجیح دیتے ہوئے 27سالہ ذیشان اشرف کو منتخب کیا۔ ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کے سابق انگلش آل راؤنڈر روی بوپارہ کی خدمات حاصل کیں ۔ پشاور زلمی نے شعیب ملک کو ٹیم کا حصہ بنایا۔ لاہور قلندرز نے انگلش آل راؤنڈر سمیت پٹیل کو ٹیم میں شامل کیا جبکہ رومان رئیس کی اسلام آباد یونائیٹڈ میں واپسی ہوئی۔ پشاور زلمی نے لیام ڈاسن کو ٹیم میں برقرار رکھا جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بھی فواد احمد کی خدمات دوبارہ حاصل کر لیں۔ گولڈ کیٹیگری میں کراچی کنگز نے جنوبی افریقا کے آل راؤنڈر کیمرون ڈیلپورٹ کو شامل کر لیا۔ 

تازہ ترین