اسلام آباد (حنیف خالد)ایف بی آر نے اسمگلروں کیخلاف ملکی تاریخ کا ایک بہت بڑا کامیاب چھاپہ مار کر 44کروڑ 25لاکھ روپے مالیتی اسمگل شدہ سامان ضبط کر لیا ہے۔ یہ بات ڈائریکٹریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن کسٹمز کی طرف سے ملنے والی اسپیشل رپورٹ نمبر 11میں کہی گئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن محمد زاہد کی طرف سے چیئرمین ایف بی آر سید شبر حسین زیدی کو جو تحریری رپورٹ پیش کی گئی ہے اسکے مطابق کسٹمز انٹیلی جنس نے جو سامان ضبط کیا ہے اس میں 20ٹن (2لاکھ کلوگرام) سپاری بھی شامل ہے حالانکہ پاکستان میں سپاری کی درآمد ممنوع ہےاور کسی قسم کی بھاری ڈیوٹی یا جرمانہ دیکر بھی اسے پاکستان میں امپورٹ نہیں کیا جا سکتا۔ ضبط کئے گئے سامان میں موٹر گاڑیوں کے 722ٹائر‘ 85ائر کنڈیشنر‘ 29لاکھ 23ہزار 7سو پیکٹ گٹکا‘ اڑھائی ٹن سے زیادہ وزنی پارچہ جات و کپڑا‘ 6لاکھ 80ہزار سگریٹ شامل ہیں۔ کسٹمز ایکٹ کے تحت ضروری کارروائی کر کے مذکورہ اسمگل شدہ سامان ضبط کیا گیا ہے اور مزید تحقیقات اور کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ عنقریب سنسنی خیز انکشافات کا امکان ہے۔