اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سمیت سرگودھا ، مردان،ٹھٹھہ اورکوئٹہ ڈویژن کی ابتدائی انتخابی فہرستیں شائع کردی گئی ہیں۔ فہرستوں کے معائنہ کیلئے ڈسپلے سینٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں، باقی اضلاع میں وسط دسمبر میں ڈسپلے سینٹرز قائم کردیئے جائیں گے، الیکشن کمیشن نے ووٹرز کے نام ایک اہم پیغام میں کہا ہے کہ وہ ابتدائی انتخابی فہرست میں درج اپنے ووٹ کے کوائف کی تصدیق اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کرکے حاصل کرسکتے ہیں،8300 شارٹ میسیج سروس کے ذریعہ جوابی پیغام میں انہیں شماریاتی بلاک کوڈ، سلسلہ نمبر ، انتخابی علاقہ ،ڈسپلے سنٹر، ہیلپ لائن نمبر اور الیکشن کمیشن کا ویب سائیٹ لنک بھیجا جائے گا تاکہ ووٹرز تسلی کرلیں کہ انکا ووٹ درست انتخابی علاقہ / شماریاتی بلاک میں درج ہے،ڈسپلے سنٹر آ کر بھی ووٹرز اپنے اور اہل خانہ کے ووٹ اندراج کے کوائف اور انتخابی فہرستوں کا معائنہ کرسکتے ہیں، ڈسپلے سینٹرز پر فارم 15 برائے اندراج و منتقلی ووٹ ،فارم 16 اعتراض / حذف ووٹ اور فارم 17 برائے کوائف درستگی جمع کراسکتے ہیں۔ ایس ایم ایس سے حاصل کیے گئے ویب سائیٹ لنک سے تمام فارم ڈاؤن لوڈ کیے جاسکتے ہیں، ہیلپ لائن سے بھی مزید معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔