• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زاہدہ زبیر

عام طور پر ہفتے بَھر کے مینیو میں گوشت ،سبزی اور دالیں تو شامل ہوتی ہی ہیں، لیکن کبھی کبھی جی چاہتا ہے کہ روزمرّہ سے ہٹ کر کچھ پکایا جائے۔ تو لیجیے، اس اتوار کچھ ایسے ہی پکوانوں کی خاص تراکیب حاضر ہیں۔ان میں سے کوئی بھی ترکیب آزما کے اہلِ خانہ سے خُوب داد پائیں۔

ہانڈی کباب مسالا

اجزاء:شامی کباب(فرائی) دس سےبارہ عدد ،پیاز (باریک کٹی ہوئی)دوعدد ، پالک(کٹی ہوئی) دوکپ،دہی ایک کپ،قورمامسالا تین کھانے کے چمچ، لہسن، ادرک کا پیسٹ، ایک چائے کا چمچ اور تیل آدھا کپ۔

ترکیب:ایک پتیلی میں تیل گرم کرکے پیاز بھون لیں۔ اب اس میں ادرک، لہسن کا پیسٹ ڈال کرتھوڑا سا فرائی کریں اور پالک شامل کرکے دو منٹ پکا کر چولھا بند کردیں۔پتیلی سےپالک نکال لیںاور گرائنڈر میں پالک،دہی اور قورما مسالا شامل کرکےاچھی طرح گرائنڈ کرلیں ۔اب انہیں اُسی تیل میں ڈال کر دوبارہ پکنے کے لیے رکھ دیں۔ جب گریوی گاڑھی ہونے لگے، تو کباب شامل کرکے دو منٹ پکا کرچولھا بند کردیں۔آخر میں ہرے دھنیے سے سجاکرکے سَرو کریں۔

تکّہ بوٹی وِد وائٹ ساس

اجزاء: تکّہ بوٹی (فروزن )بیس عدد، میکرونیز(اُبال لیں)ایک کپ،کریم ایک کپ، موزریلا چیزآدھا کپ، دودھ ایک کپ،مٹر(اُبلے ہوئے) آدھا کپ، بند گوبھی(باریک کٹی ہوئی)آدھا کپ، نمک حسبِ منشاء، کالی مرچ پائوڈر،ایک کھانے کا چمچ، مکھن تین کھانے کے چمچ ،سیاہ زیتون حسبِ ضرورت،لہسن پاؤڈر ایک چائے کا چمچ۔

ترکیب: پین میں مکھن گرم کرکے اس میں کریم، چیز اور دودھ ڈال کر ایک منٹ پکائیں۔ اب اس میں تکّہ بوٹی اور دیگر اجزاءشامل کرکے پکنے دیں اور گاڑھاہوتے ہی چولھا بند کردیں۔ اگر ساس زیادہ گاڑھاہوجائے، تو تھوڑا دودھ اور شامل کردیں۔باؤل میں نکال کر اوپر سے سیاہ زیتون سے سجاوٹ کرلیں۔

گولا کباب پھلیوں کے ساتھ

اجزاء: گولہ کباب بارہ عدد،آلو(کیوبز میں کاٹ لیں)دو عدد،گاجر(چوکور ٹکڑے) آدھا کپ،مٹر آدھا کپ،پھلیاں( ٹکٹروں میںکاٹ کر اُبال لیں) آدھا کپ، پیاز(باریک کٹی ہوئی)دوعدد ، ادرک، لہسن کاپیسٹ ایک چائے کا چمچ، ٹماٹر(پِسے ہوئے)دو عدد یا پیوری آدھاکپ، نمک حسبِ منشاء، لال مرچ ایک چائے کا چمچ،سفیدمرچ،ایک چائے کا چمچ، گرم مسالا پائوڈرایک چائے کا چمچ ،ہلدی آدھاچائے کا چمچ، تیل آدھاکپ، چکن کیوب ایک عدد،سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، ثابت دھنیا ایک کھانے کا چمچ اور ہرا دھنیا آدھا کپ۔

ترکیب: سب سے پہلےتیل گرم کرکے پیازفرائی کرلیں۔پھر اس میں ادرک،لہسن کا پیسٹ ڈال کر گولڈن براؤن کرکے تمام مسالے،سبزیاں اور تھوڑا سا پانی ڈال کر پکنے کے لیے رکھ دیں۔ کوشش کریں کہ زیادہ پانی نہ ڈالنا پڑے اور بھاپ ہی میں سبزیاں گل جائیں، تاکہ ان کا قدرتی رنگ خراب نہ ہو۔جب تیل الگ نظر آنے لگے، تو کباب شامل کرکے مسالے اور سبزیوں میں مِکس کرلیں اورتھوڑا سا پکنے کے بعد گرم مسالا پاؤڈر اور ہرا دھنیا چھڑک دیں۔

سیخ کباب وِد سبزی

اجزاء: سیخ کباب دس عدد، آلودوعدد ،پیاز(باریک لچّھے کا ٹ لیں)دو عدد، شملہ مرچ (رنگزمیں کاٹ لیں)دو عدد، لہسن ،ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، تیل آدھا کپ،ہری مرچیں(سلائسزمیں کٹی ہوئی) چارعدد ، ہرا دھنیا (باریک کاٹ لیں)آدھا کپ، ثابت دھنیا ایک کھانے کا چمچ،ثابت سفیدزیرہ ایک کھانے کا چمچ،نمک حسبِ ذائقہ، ہلدی پاؤڈر آدھاچائے کا چمچ،لال مرچ پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، گرم مسالا پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ،آدھا گلاس پانی اور لیموں کا رس دوکھانے کے چمچ۔

ترکیب: آلو چھیل کر قتلیوں کی شیپ میں کاٹ لیں۔اب تیل گرم کرکے سیخ کباب تل کر نکال لیں ۔اگر پہلے سے تلے ہوئے ہوں ،تو انہیں ایک ایک انچ کے ترچھے ٹکڑوں میں کاٹ لیں۔اسی تیل میں لہسن، ادرک کا پیسٹ فرائی کرکے آلو،تمام مسالے(گرم مسالے کے علاوہ) اور پانی شامل کرکےپکنے کے لیے رکھ دیں۔ 

جب پانی خشک ہوجائے اور آلو بھی گل جائیں، تو سیخ کباب، شملہ مرچ، پیاز اور ہری مرچ شامل کرکے بھونیں۔ دو تین منٹ بھوننے کے بعد لیموں کا رس، ہرادھنیا اور گرم مسالا چھڑک کر چولھا بند کردیں۔یہ ڈش نان یا چاول دونوں کے ساتھ بہت لُطف دے گی۔

تازہ ترین