اسلام آباد ( نیوز رپورٹر ) اسلامی ممالک کے مابین دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اسلامی ممالک کے فوجی انسدادِ دہشت گردی اتحاد نے پاکستان کا تاریخی دورہ شروع کر دیا ہے۔ سعودی عرب کے سیکرٹری جنرل کی قیادت میں 43 اسلامی ممالک پر مشتمل یہ اتحاد2سے 8فروری تک پاکستان میں قیام کرے گا جس کا مقصد انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں باہمی تعاون، تجربات کے تبادلے اور مشترکہ حکمتِ عملی کو مضبوط بنانا ہے۔اسلامک ملٹری کاؤنٹر ٹیررازم کوالیشن کا17رکنی اعلیٰ سطحی وفد اس دورے کے دوران انسدادِ دہشت گردی کے لیے ایک خصوصی تربیتی پروگرام کا افتتاح بھی کرے گا۔ اس پروگرام کے ذریعے جدید ترین انسدادِ دہشت گردی حکمتِ عملی، پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔سعودی وفد کا یہ دورہ پاکستان اور اسلامی دنیا کے درمیان دہشت گردی کے خلاف مضبوط اور متحد محاذ کی واضح علامت قرار دیا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق پاکستان کا انسدادِ دہشت گردی کے میدان میں وسیع تجربہ اور پیشہ ورانہ عسکری صلاحیتیں اسلامی ممالک کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اسلامی دنیا کی نظریں پیشہ ورانہ فوجی تعاون اور انسدادِ دہشت گردی کے مضبوط اتحاد کے لیے پاکستان کی جانب مرکوز ہیں۔