• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی ہوم سیریز میں آسٹریلیا تین ٹیسٹ کھیلنے پر راضی

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا کہنا ہے کہ2022 میں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان میں تین ٹیسٹ اور ایک ٹی 20 کھیلنے کی دعوت دی ہے۔ اس کے بعد سے پاکستانی ٹیم جب آسٹریلیا جائے گی وہ کم ازکم تین ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ آسٹریلیا نے پاکستان کی ہوم سیریز میں تین ٹیسٹ کھیلنے پر اصولی رضامندی ظاہر کی ہے۔ ہم کوشش کررہے ہیں کہ مستقبل میں ٹیسٹ میچ زیادہ کھیلے جائیں۔ نئے ایف ٹی پی میں2031 تک پاکستان اور آسٹریلیا کی ہر سیریز تین ٹیسٹ کی ہوگی۔ پاکستان نے سیریز کے لئے کرکٹ آسٹریلیا کو تجویز دی ہے کہ وہ ون ڈے نہ کھیلے مکمل سیریز میں ٹیسٹ میچ زیادہ کھیلے۔ پیر کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہر سال اپنی ایک اے ٹیم اور ایک انڈر19 کرکٹ آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ یا جنوبی افریقا میں سے کسی ملک بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کوشش کا مقصد یہ ہے کہ پاکستانی کرکٹرز ان ملکوں کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوسکیں۔ آئندہ سال پاکستان کرکٹ ٹیم کوانگلینڈ میں تین ٹیسٹ کی سیریز کھیلنا ہے۔ اس ٹیسٹ سیریز کے لئے پاکستانی بیٹسمینوں کو کچھ ہفتے پہلے انگلینڈ بھیجا جائے گا۔ بدقسمتی سے پاکستان ان ملکوں میں شامل ہے جو دنیا میں سب سے کم ٹیسٹ کھیلتے ہیں۔ آسٹریلیا ہر سال بارہ سے14 ٹیسٹ کھیلتا ہے پاکستانی ٹیم بمشکل چار ٹیسٹ میچ کھیلتی ہے۔ جن لوگوں نے فیوچر ٹورپروگرام بنایا انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کا نہیں سوچا۔ پی سی بی افغانستان، آئرلینڈ اور جنوبی افریقا سے بات چیت کررہا ہے کہ وہ پاکستان آکر میچ کھیلیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں ہے کہ میں تفریح کے لئے آسٹریلیا جاتا ہوں۔ یہ معاملات فون پر طے نہیں ہوسکتے۔ میرے دورے کے نتائج سامنے آرہے ہیں اور مجھے چھٹیوں پر آسٹریلیا جانے کا کہنے والوں کو بتائوں گا کہ حقائق کیا تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں اس قدر طاقتور نہیں ہوں جیسا تاثر دیا جارہا ہے۔ مصباح الحق بھی حدود میں رہ کر کام کررہا ہے۔

تازہ ترین