ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہےکہ ہندوتوا سوچ نے بھارت کو بند گلی میں لاکھڑا کیا ہے، جس فورم پر ضرورت ہوگی بھارت کا بائیکاٹ کریں گے، افغانستان میں ڈاکٹر ناکا مورا کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں، راؤ انوار کا معاملہ عدالت میں ہے۔
دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ بھارتی قانون سازی ہندو راشٹریہ کی عکاس ہے، سارک سربراہ اجلاس اسلام آباد ہی میں ہوگا، دیکھنا ہوگا کہ بھارت سارک پر آگے بڑھنا چاہتا ہے یا نہیں۔
ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ 19 واں سارک سربراہ اجلاس اسلام آباد ہی میں ہوگا، دراصل ایک ملک کے علاوہ تمام سارک ممالک تنظیم کا جلد از جلد اسلام آباد میں انعقاد چاہتے ہیں اور ہم بھی یہی چاہتے ہیں، دیکھتے ہیں بھارت سارک پر آگے بڑھنا چاہتا ہے یا نہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا راؤ انوار کا معاملہ ان کے مبینہ جرائم کی باعث عدالت میں ہے، امریکی محکمہ خزانے کی رپورٹ پر حیرت ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حیرت ہے امریکی محکمہ خزانہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف وزیوں پر کسی کو ذمہ دار ٹھہرانے میں ناکام رہا ہے، بھارتی قابض فورسز کی طرف ان سنگین خلاف ورزیوں پر آزادنہ رپورٹنگ ہوئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے افغانستان میں جاپانی ڈاکٹر ناکا مورا کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ناکامورا نے افغانستان میں لاکھوں زندگیاں بچائیں، وہ ایک قد آور عالمی شخصیت تھے، ہم افغان اور جاپانی عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔