افغان امن عمل کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے وزارتِ خارجہ اسلام آباد میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات کے دوران افغان امن عمل سمیت خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان شروع دن سے اس مؤقف پر قائم ہے کہ طاقت کا استعمال افغان مسئلے کا حل نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ امریکا طالبان مذاکرات جلد بحال ہوں گے، خطے میں امن و استحکام کا دار و مدار، افغانستان میں قیامِ امن سے وابستہ ہے۔
وزیرِ خارجہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان مشترکہ ذمے داری کے تحت افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار خلوصِ نیت سے ادا کرتا رہے گا۔
یہ بھی پڑھیئے: زلمے خلیل زاد طالبان سے مذاکرات کیلئے دوحہ پہنچ گئے
اس موقع پر زلمے خلیل زاد نے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کو افغان طالبان اور امریکا کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے افغانستان میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف بھی کی۔