• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ٹیسٹ فیصلہ کن ثابت ہوگا، سرفراز احمد


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ یہ امر باعث مسرت ہے کہ پاکستان میں 10 برس کے بعد ٹیسٹ کرکٹ لوٹ آئی ہے، ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کا برسوں سے انتظار تھا، کراچی ٹیسٹ جیت کر پاکستان سیریز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوا تو بہت خوشی ہوگی۔

ایس ایم بی فاطمہ جناح گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول میں کرکٹ ٹریننگ نیٹ کی افتتاحی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ پنڈی ٹیسٹ بارش سے متاثر ہوا، قدرت کے معاملات میں کسی کو دخل نہیں، امید ہے کہ کراچی ٹیسٹ فیصلہ کن ثابت ہوگا، اگرپاکستان جیتا تو بہت خوشی ہوگی، پاکستان یہ ٹیسٹ جیت کر اپنی عالمی رینکنگ بہتر بناسکتا ہے، موقع ملا تومیچ دیکھنے کے لیے نیشنل اسٹیڈیم بھی جاؤں گا۔

ایک سوال کے جواب میں سابق قومی کپتان نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کی اپنی اہمیت اور افادیت ہے، اس سے نیا ٹیلنٹ ملتا ہے، نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے اسکول کرکٹ بہت ضروری ہے، میں خود اسکول کرکٹ کی مثال ہوں، اسکول اور کالج کی سطح پر کرکٹ کھیل کر ہی قومی ٹیم کا حصہ بنا، کھلاڑیوں کی تربیت میں اسکول کرکٹ کا بہت ہاتھ ہوتا ہے۔

سرفراز احمد نے مزید کہا کہ تعلیم کے حصول کے ساتھ کے ساتھ جسمانی اور غیر نصابی سرگرمیوں کو فروغ دینا ضروری ہے، آج کل نوجوان موبائل فون میں زیادہ مصروف رہتے ہیں۔

انہوں نے نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں جگہ بنانے والے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ میں ٹیلنٹ موجود ہے، تاہم نسیم شاہ کو تھوڑا گروم کرنے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین