عام طور پر ہر کچھ عرصے بعد ہم اپنے گھروں میں فرنیچر وغیرہ کی سیٹنگ بدلتے رہتے ہیں، تاکہ یکسانیت کا شکار نہ ہوں۔ چونکہ زمانہ بہت تیزی سے بدل رہا ہے اور اوراتنی ہی تیزی سے ٹرینڈز بھی بدل رہے ہیں تو یہ خیال آہی جاتا ہےکہ کیوں نہ گھر میں کچھ معنی خیز تبدیلیاں کی جائیں۔
اس حوالے سے کئی چیزوں کے بارے میں سوچا جاسکتا ہے، تاہم اگر آپ کی جیب اجازت دے تو کھڑکیوں کے ڈیزائن اور شیشوں کو تبدیل کروالیں۔ اس ضمن میں کچھ مشورے حاضر ہیں۔
اینٹیک اسٹین گلاس ونڈو
اینٹیک اور لیڈ (سیسے جیسی) گلاس والی کھڑکیاں اپنی طرف آنے والی روشنی کو گھر میں ایک اچھوتے انداز میں بکھیر دیتی ہیں۔ ممکن ہے کہ اس طرح کی کھڑکیاں آپ کو مارکیٹ میں نہ ملیں اور کسی کاٹھ کباڑ والے سے رابطہ کرنا پڑےیا پھر تعمیراتی کچرے کی چھان بین کرنی پڑے، تب جاکر آپ کو ایک پرانے طرز (antique)کی شیشے والی کھڑکی یا شیشہ مل جائے گا۔
اس کے ازسر نو استعمال کیلئے کسی ماہر یا آرٹسٹ سے مشورہ کریں ، خاص طور پر شیشے پر موجود پینٹ کے عناصر کو معلوم کروانے کی کوشش کریں۔ یا درکھیںکہ اینٹیک گلاس، سیفٹی گلاس جیسے محفوظ نہیں ہوتے، اس لیے ان شیشوں سے بنی کھڑکیوں یا دروازوں کیلئے آپ کو بہت سوچ بچار سے کام لینا ہوگا۔ اگر آپ اینٹیک گلاس کو کھڑکی کے پٹ میں نہیں لگوارہے تو آپ اسے کھڑکی کے اوپر پردے کی طرح بھی لگا سکتے ہیں۔
کسٹم میڈ ونڈوز
اگر آپ کو کوئی بھی اینٹیک کھڑکی مل جائے تو پھر آپ اس کے ڈیزائن کو اپنی مرضی سے ڈھال سکتے ہیں۔ ساتھ ہی اپنی مرضی کے رنگ اس پر کرواسکتے ہیں، یعنی ایسے رنگ بھی جو آپ کی پرائیویسی کو برقرار رکھیں۔ اس طرح باہر سے روشنی تو آسکتی ہے لیکن گھر کے اندر کا نظارہ نہیں ہوگا۔ آپ کھڑکی کے شیشوں پر کلر شاور بھی کرواسکتے ہیں۔
سالویج اسٹین گلاس ونڈو
سالویج (Salvage)پرانے، خستہ حال مگر ٹوٹ پھوٹ سے بچے سامان کو کہتے ہیں۔ اگر آپ کو کسی کاٹھ کباڑ سے پرانے داغ دھبوں سے مزین شیشے والی کھڑکیاں مل جائیں تو انہیں آپ اپنے کیبنٹ کے پہلو میں لگا سکتے ہیں ۔ چھوٹے بنگلوں میں یہ کھڑکیاں بہت خوبصورت تاثر پیش کرتی ہیں۔
شاور ونڈو کی جگہ تبدیل کریں
ضروری نہیں کہ آپ باتھ روم میں بازار سے خرید کر کھڑکی لگائیں، اگر گھر کے کسی دوسرے حصے میں کوئی ایسی کھڑکی موجودہے، جسے آپ تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو اسے پھینکنے کے بجائے باتھ روم میں لگالیں۔ کھڑکی کے شیشوں پر پینٹ کروالیں یا ڈیزائن بنوادیں ، کچھ نہ ہو تو اس پر پلاسٹک وال پیپر چپکا دیں۔
تصویر والی کھڑکی
تصویر والی کھڑکی (Picture window) ایک منفرد قسم ہے۔ جس طرح ایک بڑی تصویر لگائی جاتی ہے، ویسے ہی اسے بھی لگایا جاتاہے۔ اس کھڑکی میں لگے شیشے سے باہر کا منظر صاف دکھائی دیتاہے اور لگتاہے جیسے کوئی تصویر آپ کے سامنے ہو۔ اس قسم کی کھڑکی دیکھنے میں بہت کم نظر آتی ہے۔ یہ آپ کی جیب پر بھاری نہیں پڑتی، اسے نصب کرنا بھی آسان ہے اور مینٹیننس بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ اس پر کسی قسم کے پردےیا بلائنڈز ڈالنے کی ضرروت نہیں ہوتی۔ ہوا کی آمدورفت نہ ہو نا اس کی سب سے بڑی خامی ہے۔
لیڈ گلاس ڈور
ابھی تک ہم کھڑکیوں کی باتیں کررہے تھے، اب ہم دروازوں پر بھی نظر ڈالتےہیں۔ بہت سے شیشوں پر سیسہ (Lead) چڑھا ہوتاہے اور وہ شیشے کے آرپار دیکھنے کی خوبی کو ختم کردیتا ہے۔ اگر آپ کے دروازے میں شیشے لگے ہیں تو سیسے سے مزین شیشے آپ کے دروازے کو نیا انداز بخش سکتے ہیں۔ یہ اسٹائل جنگ عظیم دوم کے دوران سامنے آیا، تاہم یہ ابھی بھی اپنی دلکشی برقرار رکھے ہوئے ہے۔
نیلے دروازے
اب دروازے صرف روایتی رنگوں میں نہیں بلکہ ہر رنگ میں اپنی بہار دکھانے لگے ہیں۔ آپ نے خود بھی دیکھا ہوگا کہ اچھوتے کلر بلکہ فلورسنٹ کلر بھی آجکل مقبول ہوتے جارہے ہیں۔ بے شک کئی دروازے آپ کو نئے رنگوں میں دکھائی دیے ہوں گے لیکن رواں سال کا مقبول رنگ نیلا رہا ہے۔ نیلے رنگ کے تمام شیڈز جیسے روبن بلو یا مڈنائٹ بلو آجکل ’اِن‘ ہیں۔ آپ کے دروازہ کا رنگ کچھ بھی ہو، اسے آپ نیلے رنگ میں ڈھال لیں، آپ کے گھر کی دلکشی میں اضافہ ہو جائے گا۔
سایہ بان شیشہ
شیشے سے بنے ڈیوائڈر یا پھر دوپورشن کو الگ کرنے کیلئے درمیان میں جوشیشے کی دیوار کھڑی کی جاتی ہے، اگر اس کے پورشن رنگ برنگے ہوں تو یہ دلچسپ روشنی پیدا کرتےہیں اور گھر کی دلکشی کو نیا انداز دیتے ہیں۔ ایسے شیشوں کو رنگ دار سایہ بان شیشہ (Awning-Casement Stained Glass)کہا جاتا ہے۔
اسٹینڈ گلاس لائٹنگ ایفیکٹ
کچن میں یا کوکنگ رینج کے اوپر اگر چھوٹی سی رنگ زدہ شیشے والی کھڑکی ہوتو اس سے کچن کو نیا انداز مل سکتاہے۔ یہ کھڑکی ٹائلوں کے درمیان، قد سے اوپر لگائی جاسکتی ہے۔ اس پربنے رنگ برنگے ڈیزائن اسے معنی خیز بنادیں گے جبکہ اس سے چھن کر آنے والی روشنی بھی ایک دلفریب منظر پیش کرے گی۔