کراچی (جنگ نیوز)معروف تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ چوہدری نثار نے دھرنے کو بہت محتاط اور اچھے طریقے سے ہینڈل کیا ہے، نجم سیٹھی پنجاب میں فوج اب اپنے طور پر بھی آپریشن کرے گی اوربعد میں وزیراعلیٰ پنجاب کو آگاہ کیا جائے گا ’را‘ کے ایجنٹ کی گرفتاری بہت اہم وقت پر ہوئی ہے، جیو نیوز کے پروگرام ’آپس کی بات‘ میں گفتگو انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ نے باقاعدہ پلاننگ سے اپنی رِٹ دکھائی ہے، شہباز شریف مجبور تھے وہ مظاہرین کو اسلام آباد کی طرف جانے سے روک نہیں سکتے تھے، مظاہرین سے نمٹنے کا پلان سول اور فوجی قیادت کی مشاورت سے بنا ہے،بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے حاضر سروس افسر کی پاکستان میں گرفتاری اور اعترافی بیان بہت اہم وقت پر آیا ہے، پنجاب میں فوج اب اپنے طور پر بھی آپریشن کرے گی جس سے بعد میں وزیراعلیٰ پنجاب کو آگاہ کیا جائے گا ۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”آپس کی بات“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے۔ اسلام آباد دھرنے پر تجزیہ کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ چوہدری نثار نے ڈی چوک میں دھرنے کے معاملہ کو بہت محتاط اور اچھے طریقے سے ہینڈل کیا ہے، وزیرداخلہ نے باقاعدہ پلاننگ سے اپنی رِٹ دکھائی ہے، شہباز شریف مجبور تھے وہ مظاہرین کو اسلام آباد کی طرف جانے سے روک نہیں سکتے تھے، چوہدری نثار نے کل صبح کارروائی کا کہہ کر مظاہرین کو مزید وقت دیدیا ہے، مظاہرین نے پنجاب حکومت سے آگے نہ جانے کا وعدہ کیا تھالیکن وہ وعدے توڑ کر اسلام آباد چلے گئے، مظاہرین جب اسلام آباد کی طرف بڑھے تو پنجاب حکومت کنفیوژن کا شکار ہوگئی کہ انہیں کیسے روکا جائے، پنجاب پولیس کو مظاہرین کو اسلام آباد جانے سے روکنے کیلئے بہتر تیاری کرنا چاہئے تھی۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ مولانا حضرات نے میڈیا کے سامنے بہت خطرناک باتیں کی ہیں جس میں وزیراعظم، آرمی چیف، چوہدری نثار، چیف جسٹس اور پرویز رشید سمیت کسی کو نہیں چھوڑا ہے، ان لوگوں نے ایسی نفرت انگیز باتیں کی ہیں جس کو چھوڑا نہیں جانا چاہئے، یہی چیزیں آگے معاملات خراب کرتی ہیں، اگر حکومت نے ان لوگوں پر کیسز نہیں کیے تو اس کا مطلب ہے حکومت سنجیدہ نہیں ہے اور نیشنل ایکشن پلان فراڈ ہے،دھرنے والوں میں مشکلات پیدا کرنے والوں لوگوں کی شناخت کرلینی چاہئے، دھرنے کے حوالے سے کوئی سنگین کوتاہی نہیں ہوئی ہے، توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف ایکشن ہونا چاہئے۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ دھرنا دینے والوں کیلئے منتشر ہونے سے قبل دو تین چیزیں اہم ہوں گی، وہ اسلام آباد سے کچھ عزت کے ساتھ جانا چاہیں گے ورنہ ان کے سپورٹرز انہیں نہیں چھوڑیں گے، وہ اپنے کچھ مطالبات ضرور منوائیں گے اور کچھ مطالبات پر کمیٹی بنوائیں گے تاکہ جانے کا راستہ مل سکے، دھرنے والے گرفتار لوگوں کی رہائی اور کیسوں کی واپسی کا مطالبہ بھی کریں گے مگرحکومت ان کا یہ مطالبہ مکمل طورپر نہیں مانے گی، حکومت یہ یقین دہانی کروادے گی کہ کیس تو واپس نہیں لیے جاسکتے مگر ان پر کوئی کارروائی نہیں ہوگی اور گرفتار لوگوں کو قانونی کارروائی کر کے کچھ دنوں میں چھوڑ دیا جائے گا، حکومت نے اسلام آباد میں فوج بلا کر جی ایچ کیو کو بھی اس معاملہ میں شامل کرلیا تھا، مظاہرین سے نمٹنے کا پلان سول اور فوجی قیادت کی مشاورت سے بنا ہے۔بھارتی ایجنٹ کے اعترافی بیان پر تجزیہ کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے حاضر سروس افسر کی پاکستان میں گرفتاری اور اعترافی بیان بہت اہم وقت پر آیا ہے، پاکستا ن نے اس وقت یہ کیس دنیا کے سامنے پیش کیا ہے جب پاکستان کی جے آئی ٹی پٹھان کوٹ واقعہ کیلئے انڈیا گئی ہے جہاں پاکستان دفاعی پوزیشن پر ہے، کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کے بعد پاکستان انڈیا کے ساتھ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرسکتا ہے، پاکستان نے بہت اچھے پلان اور ٹائمنگ کے ساتھ یہ سب کچھ کیا ہے۔