• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ ملیہ اسلامیہ طلبہ پر تشدد، اکشے کمار نے دوغلاپن دکھادیا


ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بولی وڈ کے خطروں کے کھلاڑی اکشے کمار نے جامعہ ملیہ اسلامیہ طلبہ پروحشیانہ تشدد کی ویڈیو کے معاملے پراپنا دوغلا پن دکھا دیا۔

اکشے کمار مسلمانوں کے خلاف اپنے متنازع بیان دینے یا مختلف سوشل میڈیا پوسٹ کے باعث اکثراپنے ہی مداحوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنتے ہیں اوراس باربھی انہوں نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ پروحشیانہ تشدد کی ویڈیو کو لائک کرکے خطرہ مول لیا تاہم اداکار نے کچھ ہی دیربعد ’اَن لائک‘ Unlike کردیا تھا۔

اس حوالے سے اکشے نے ٹوئٹر پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ پروحشیانہ تشدد کرنے کی ویڈیوکو میں نے ’لائک‘ غلطی سے کیا تھا، در اصل دوسری ٹوئٹس کو دیکھتے ہوئے مجھ سے لائک ہوگیا تھا تاہم تھوڑی ہی دیر بعد جب مجھے احساس ہوا توفوراً ہی اسے ’اَن لائک‘ کردیا تھا کیونکہ میں اس طرح کسی بھی تشدد کا حامی نہیں۔

اداکارکے اس بیان کے بعد ٹوئٹر پر’بائیکاٹ کینیڈیئن کمار‘ ٹرینڈ کرنے لگا جب کہ صارفین نے انہیں کھری کھری سناتے ہوئے خوب تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

ایک صارف نے اکشے کمارکو وڈیولائک کرنے پرمودی کا چیلا قرار دے دیا۔ایک اورصارف نے کہا کہ بزدل اکشے کمار، جب لائک کیا ہے تو قبول بھی کرو۔ایک اور صارف نے اکشے کمار کو بزدل قراردیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف فلموں میں ہیرو بنتے ہیں جب کہ جامعہ کا طالب علم ان سے زیادہ بہادرہوتا ہے۔

دوسری جانب کتنے ہی صارفین نے خطروں کے کھلاڑی کوجھوٹا قراردیا اورکہا کہ یہ لائک انہوں نے غلطی سے نہیں بلکہ جان بوجھ کرکیا۔

واضح رہے کہ مسلمانوں کے خلاف مذہبی امتیازی سلوک پر مبنی قانون کی منظوری کے خلاف احتجاج کرنے والے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ پرپولیس ٹوٹ پڑی اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔

تازہ ترین