کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشیداحمدنے کہاہے کہ بلاول بھٹو کو پلی بارگین کرنا ہوگی، 5کمپنیز میں ان کا نام ہے، مارچ میں نیب کو ایک بڑی رقم ملے گی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ایکسٹینشن طے ہے،جس دن تفصیلی فیصلہ ملے گا حکومت اپنا کام شروع کردے گی،تمام سیاسی جماعتیں اس پرساتھ دیں گی،کوئی مائنس ون فارمولا نہیں، مولانا فضل الرحمٰن سے دسمبر کے بعد بات کروں گا، حکومت 5سال پورے کرے گی، آصف زرداری اور نواز شریف جیل میں جاکر زیادہ بیمار ہو جاتے ہیں، بہت سارے لیڈر نئے سال کا آغاز لندن میں کر رہے ہیں۔وہ پیر کو یہاں کیمپ آفس میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہےتھے۔ شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے کے مسائل کا حل ایم ایل ون ہے، ریل گاڑیوں میں بھی مانیٹرنگ سسٹم لگا رہے ہیں جبکہ کے بی ایکس میں 2نئے دفتر ہم کھول رہے ہیں، یہ اجازت دی جائےگی کہ لوگ کرایہ دیکر ٹریک استعمال کریں، حیدر آباد، کراچی، گوجرانوالہ شٹل سروس چلانے کا ارادہ رکھتے ہیں، فریٹ بڑھانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام شروع کر رہے ہیں،مارشل یارڈ، ریتی لائن کو جلد ٹینڈر کیا جائے گا، آرمی چیف کی ایکسٹینشن طے ہے، جب فیصلہ تحریری آئے گا تو حکومت اپنا کام شروع کردے گی،تمام سیاسی جماعتیں اس پرساتھ دیں گی، سفید اور کالے کوٹ کی لڑائی میں کالے کوٹ کوندامت ہوئی، پی آئی سی واقعے سے وکلاء کا اپنا امیج تباہ ہوا۔