وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وقت کے تقاضے ہوتے ہیں ملک کو جوڑنے کی ضرورت ہے ایسے فیصلے جس سے فاصلے بڑھیں، تقسیم بڑھے قوم اور ادارے تقسیم ہوں ان کا فائدہ؟
فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مشرف کیس کے عدالتی فیصلے پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ ’میں مسلسل کہہ رہا ہوں گفتگو کی ضرورت ہے نیو ڈیل (New Deal) کی طرف جائیں ایک دوسرے کو نیچا دیکھانا کسی کے مفاد میں نہیں، ملک پر رحم کریں۔‘
دوسری جانب وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ حکومت لیگل ٹیم کے ساتھ مشرف غداری کیس کے فیصلے کو دیکھے گی۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ تفصیلی جائزہ لینے کے بعد حکومتی بیانیہ سامنے لایا جائے گا، وزیراعظم کل واپس آرہے ہیں وہ اس کے لیگل فریم ورک کو دیکھیں گے۔
واضح رہے کہ خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو سزائے موت کا حکم دے دیا۔ خصوصی عدالت کے سربراہ وقار سیٹھ نے سنگین غداری کیس کا مختصر فیصلہ سنایا۔ خصوصی عدالت کے 3 رکنی بنچ نے دو ایک کی اکثریت سے یہ فیصلہ دیا جبکہ اس پر ایک جج نے اختلاف کیا۔