وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو سزائے موت سنانے کے فیصلے پر فوری ردِعمل دینے سے گریز کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے قانونی، سیاسی اور قومی مفادات سے جڑے اثرات کا جائزہ لے کر بیانیہ سامنے لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو سزائے موت کی خبر کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد حکومتی بیانیہ سامنے لایا جائے گا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جنرل مشرف کی سزائے موت کا سنا ہے، ابھی پوری خبر کا پتہ چلنے دیں، حکومت لیگل ٹیم کے ساتھ اس فیصلے کو دیکھے گی۔
یہ بھی پڑھیئے: موجودہ صورتحال پر GHQ میں خصوصی کانفرنس
انہوں نے مزید کہا کہ قانونی ماہرین بیٹھ کر اس فیصلے کے قانونی اور سیاسی پہلوؤں کو دیکھیں گے، تفصیلی جائزہ لینے کے بعد حکومتی بیانیہ سامنے لایا جائے گا۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اعظم کل واپس آ رہے ہیں، وہ اس کے لیگل فریم ورک کو دیکھیں گے۔
واضح رہے کہ آج سنگین غداری کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو سزائے موت کا حکم دیا ہے۔