کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ میرا موقف ہمیشہ رہا ہے کہ حکومت کو پرویز مشرف کیخلاف کیس واپس لے لینا چاہئے، پرویز مشرف پر غلط اور سیاسی الزامات لگائے گئے تھے، پرویز مشرف کا ٹرائل کرنا ہے تو پھر سب کا ہونا چاہئے، اس وقت کے ججوں اور وزیروں کو چھوڑ کر صرف پرویز مشرف کیخلاف کیس چلایا جائے گا تو ایک شخص کو ٹارگٹ کرنے کا تاثر تو بنے گا،ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ مشرف غداری کیس کا فیصلہ آئین و قانو ن کی بالادستی کی تاریخ میں سنگ میل ہے، عدالتیں پچاس ساٹھ سال پہلے آئین شکنی کو غیرآئینی قراردیتیں تو نہ مشرقی پاکستان جدا ہوتا نہ ہم مسائل کا شکار ہوتے۔پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں فوج کا ادارہ مضبوط ہو ۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ میرا موقف ہمیشہ رہا ہے کہ حکومت کو پرویز مشرف کیخلاف کیس واپس لے لینا چاہئے، پرویز مشرف پر غلط اور سیاسی الزامات لگائے گئے تھے، پرویز مشرف کا ٹرائل کرنا ہے تو پھر سب کا ہونا چاہئے، اس وقت کے ججوں اور وزیروں کو چھوڑ کر صرف پرویز مشرف کیخلاف کیس چلایا جائے گا تو ایک شخص کو ٹارگٹ کرنے کا تاثر تو بنے گا، خصوصی عدالت کا فیصلہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجے میں آیا ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عدالتوں کی طرف سے فوج کے حوالے سے فیصلوں کی سیریز ہے، پہلے تحریک لبیک دھرنے کے فیصلے میں غیرضروری طور پر فوج کو ملوث کیا گیا، پھر آرمی چیف کی توسیع کے معاملہ پر فیصلہ آیا اور آج پرویز مشرف کا فیصلہ آگیا، پرویز مشرف کے ساتھ فوج کی وراثت شامل ہے، فوج کو پے در پے فیصلوں سے دیوار کے ساتھ لگایا جارہا ہے، بدقسمتی سے جس برداشت کی ضرورت تھی وہ نظر نہیں آئی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ نئے حالات کے مطابق چلنا ہوتا ہے ایسا نہیں ہوتا کہ ماضی میں کچھ کہہ دیا تو اس ہی پر قائم رہنا ہے، جس مقدمہ میں سزائے موت کا فیصلہ پہلے دیدیا جائے اور وجوہات بعد میں بتانے کا کہا جائے اس پر کیا بات کریں، فوج کی اپنی عزت اور مورال ہوتا ہے، سپاہی سے لے کر جنرل تک اپنی جان ہتھیلی پر لے کر کھڑے ہوتے ہیں، جن ججوں نے مارشل لاء کو جواز فراہم کیا ان کو بھی لائن میں بٹھادیں، جن ججوں نے پی سی او پر حلف لیا اور جس پارلیمنٹ نے توثیق کی انہیں کیسے معاف کیا جاسکتا ہے، پرویز مشرف کا دوسرا پی سی او بھی کابینہ نے منظور کیا تھا پھر تمام وزراء کو سزا ہونی چاہئے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ ہمیں ملک کے مستقبل کا کہنا چاہئے، حکومت اور اپوزیشن پہلے ا ن معاملات پر بات کرے جن پر اتفاق رائے ہوسکتا ہے، اپوزیشن کہتی ہے کرپشن کیسوں پر پہلے بات کرلو، عدالتوں کی رفتار ایک طرف اتنی تیز ہے کہ ایک ہی دن میں نواز شریف، فریال تالپور اور خورشید شاہ کی ایک دن میں ضمانت ہوجاتی ہے۔ن لیگ کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف کے پاس عدالت کے فیصلے کیخلاف اپیل کا حق موجود ہے، پرویز مشرف سمجھتے ہیں کہ انہیں صفائی کا موقع نہیں دیا گیا تو اپیل میں اپنی صفائی دے سکتے ہیں، ریاست اور وفاق نے مضبوط ہونا ہے تو آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے تصور کو تمام اشخاص، اداروں اور سیاسی قوتوں کو ریاستی ایمان کے طو رپر قبول کرنا پڑے گا، مشرف غداری کیس کا فیصلہ آئین و قانو ن کی بالادستی کی تاریخ میں سنگ میل ہے، عدالتیں پچاس ساٹھ سال پہلے آئین شکنی کو غیرآئینی قراردیتیں تو نہ مشرقی پاکستان جدا ہوتا نہ ہم مسائل کا شکار ہوتے۔