• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق صدر پرویز مشرف کو سزائے موت پر شوبز شخصیات کا ردعمل

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف عدالتی فیصلے پر جہاں سیاسی شخصیات نے اس معاملے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا وہیں شوبز شخصیات نے بھی عدالتی فیصلے پر اپنا ردِعمل ظاہر کیا ہے۔اداکارہ مہوش حیات نے پرویز مشرف کیس کے فیصلے پر ایک آئرش سپاہی کا قول ٹوئٹ کیا جس کا مفہوم یہ ہے ’’مجھے جس جرم میں غدار ٹہرایا گیا ہے، اسے میں نے ایک مقدس فریضہ کے طور پر سرانجام دیا تھا، اور اسے ایک قربانی کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔‘‘اداکار شان نے سابق صدر پرویز مشرف کے فیصلے پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ایک افسوسناک دن جب ایک محب وطن کو غدار قرار دیا گیا۔ پرویزمشرف سر آپ ہمیشہ ہمارے لیے محب وطن ہیں۔ ایک سچا پاکستانی، ایک بہادر سپاہی اور اس مٹی کا بیٹا۔ اس کے ساتھ ہی اداکار شان نے پاک آرمی زندہ باد کا ہیش ٹیگ استعمال کیا۔سابق اداکار حمزہ علی عباسی نے بھی پرویز مشرف فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا پرویز مشرف کیس کا فیصلہ آنے کے بعد کیا اب پاکستان مسلم لیگ (ن) اور وہ تمام دانشور جنہوں نے نواز شریف کا فیصلہ آنے کے بعد عدالتوں پر اسٹیبلشمنٹ کی کٹھ پتلی ہونے کا الزام لگایا تھا اب معافی مانگیں گے؟علاوہ ازیں پاکستان کی معروف فیشن برانڈ کی ڈائریکٹر خدیجہ شاہ نے عدالتی فیصلے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو سنگین غداری کیس میں سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔عدالتی فیصلے کے مطابق پرویز مشرف نے 3 نومبر 2007 کو آئین پامال کیا اور اُن پر آئین کے آرٹیکل 6 کو توڑنے کا جرم ثابت ہوتا ہے۔فیصلے میں کہا گیا کہ پرویز مشرف پر آئین توڑنے، ججز کو نظر بند کرنے، آئین میں غیر قانونی ترامیم، بطور آرمی چیف آئین معطل کرنے اور غیر آئینی پی سی او جاری کرنے کے آئین شکنی کے جرائم ثابت ہوئے ہیں۔
تازہ ترین