کوئٹہ (آن لائن)بلوچستان نیشنل پارٹی کوئٹہ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد لقمان کاکڑ نے بیان کہا ہے کہ پرویز مشرف کو غدار قرار دے کر ان کو پھانسی کی سزا دینا خوش آئند ہے، اس سے نہ صرف جمہوریت ، جمہوری اداروں بلکہ ملک کے عوام کی حوصلہ افزائی اور ان کا اعتماد عدالتوں پر بحال ہوا ہے۔ اگر اسی طرح جمہوریت، حق، انصاف پر مبنی فیصلے ہوتے رہے تو ملک ترقی کرے گا۔ ہم جمہوری لوگ ہیں اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ تاریخی فیصلہ آیا ۔ اس پر عملدرآمد کس طرح ہوگا یہ حکومت اور انتظامیہ کا کام ہے۔ بلوچستان کے خراب حالات کے ذمہ دار پرویز مشرف ہیں، بلوچستان ایک پرامن صوبہ تھا جب انہوں نے نواب اکبر بگٹی کو شہید کیا اور اس کے بعد بلوچستان میں آپریشن شروع کیا۔مسخ لاشوں کے ملنے کا سلسلہ شروع ہوا۔ بوڑھے بچوں اورعورتوں کوگرفتار کیا گیا۔چادر اور چار دیواری کو پامال کیا اگر اس فیصلے پر عملدرآمد ہوا تو آئندہ کوئی آئین شکنی کی جرات نہیں کرسکے گا۔ اور جو ہمیں غدار کہا کرتے تھے اب انہیں قانونی طور پر غدار قرار دیا گیا ہے۔ فیصلے کی جو مخالفت کررہے ہیں یہ وہ لوگ ہیںجنہوں نے ہر دور میں آئین شکنوں کا ساتھ دیا۔ انہیں بھی آئین کے مطابق سز ادی جائے۔ جنہوں نے پرویز مشرف کا ساتھ دیا اور بے گناہ لوگوں کا خون بہایا ان کے خلاف بھی کا رروائی ہونی چا ئیے۔