باتھ روم ہر گھر کی ضرورت ہوتاہے۔ عموماً بیشتر گھروں میں جگہ کی کمی کی وجہ سے زیادہ بڑے باتھ روم بھی نہیں بنائے جاتے، جس کی وجہ سے ان میں اسٹوریج کی زیادہ گنجائش بھی نہیں ہوتی۔اگر آپ اس حوالے سے پریشان ہیں تو ہم اسٹوریج بڑھانے کے کچھ آئیڈیاز دے سکتے ہیں۔
وال کیبنٹ
زمین سے چھت تک دیوار کے ساتھ کیبنٹ بنانے سے آپ کی بہت سی مشکلات حل ہوسکتی ہیں۔ اس میں آپ ضرورت کی بہت سی اشیا رکھ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ شیشے کی وجہ سے اسے سجاوٹ کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
تخلیقی اسٹوریج
آپ اپنے باتھ روم کو منفرد اور مختلف بنانے کے لیے کئی اقدامات اُٹھا سکتے ہیں، یہاں تک کہ کچھ تخلیقی اضافے کے ساتھ سادہ لیکن خوبصورت فرنیچر رکھا جاسکتاہے ۔ بیسن کے بالمقابل نشست بنائی جاسکتی ہے اور بیسن کے نچلے حصےمیں ٹوکریاں لگائی جاسکتی ہیں، جس میں آپ تولیے، ٹوائلٹ رول یا دیگر اشیا رکھ سکتے ہیں۔
دستیاب جگہ کا عمدہ استعمال
ایک نفیس باتھ روم جو کم چوڑا لیکن لمبا ہو، تو اس کے مرکز میں بیسن لگایا جاسکتاہے ۔ ٹوائلٹ پیپر، نہانے کا صابن اور تولیے رکھنے کے لیے اس کے اوپر کیبنٹ بھی لگائی جاسکتی ہے تاکہ چیزیں بے ترتیبی سے بچی رہیں۔
اندر بنی ہوئی شیلف
اگر آپ باتھ روم کی تعمیر کا ارادہ رکھتے ہیں تو دیوار میں بنی ہوئی شیلف کے متعلق ضرور سوچئے۔ شیلف اشیا کو رکھنے کی بہترین جگہ ہے جس کی وجہ سے چیزیں بکھرنے سے بچ جاتی ہیں۔
کھلی شیلف
باتھ روم میں جگہ بڑھانے کا ایک اور شاندار طریقہ یہ ہے کہ کھلی شیلف کا انتخاب کریں کیونکہ یہ کم جگہ گھیرتی ہیں لیکن بہت اچھے طریقے سے کام آتی ہیں۔
واش بیسن کا استعمال
تقریباً ہر باتھ روم کے اندر واش بیسن ہوتا ہے، جس کے نیچے کی جگہ کو اسٹوریج کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اسٹوریج کی یہ جگہ کھلی یا بند کسی بھی صورت میں ہوسکتی ہے۔ ہم میں سے بہت سوں کو واش بیسن کے نیچے کی جگہ کا صحیح اندازہ نہیں ہوتا۔ اگر جگہ اچھے طریقے سے بنوائی جائے تو یہ جوتوں کا خانہ بنانے یا کسی بھی دوسرے مقصد کے لیے استعمال ہوسکتی ہے۔
اپنی مرضی کی اسٹوریج
یہ ضروری نہیں کہ آپ بازار سے بنی بنائی اسٹوریج کی چیزیں ہی حاصل کریں، اگر آپ کے باتھ روم کے زاویے مختلف ہیں تو آپ ایک منفرد ڈیزائن بنوا سکتے ہیں۔ اس کیلئے ہوم ڈیکور میگزین یا انٹرنیٹ کی مد دلی جاسکتی ہے۔
اندر بنی ہوئی الماری
اگر آپ کے باتھ روم کے کونے بالکل استعمال نہیں ہوتے تو آپ وہاں الماری بنوا سکتے ہیں۔ چھوٹی الماریاں کہیں بھی لگ سکتی ہے اور آپ اس میں بہت سی اشیا رکھ سکتے ہیں۔
ڈیزائنر شیلف
اگر آپ باتھ روم کے لیے کوئی الماری بنوانا چاہتے ہیں تو اپنی مرضی کے مطابق زیادہ شیلف والی الماری بنوائیںیا پھر کسی ڈیزائنر سے باتھ روم کے لیے عمدہ شیلف بھی بنوایا جاسکتا ہے۔
عمدہ لائٹس کا انتخاب
روشنیاں چھوٹی جگہوں کو کشادہ دکھاتی ہیں۔ روشنی میں ہمیں وہ چیزیں بھی نظر آجاتی ہیں، جن پر ہم عموماً غور نہیں کرتے۔ روشنیوں کا بھرپور استعمال آپ کے گھر کے تمام کمروں کے لیے خاص اہمیت کا حامل ہوتا ہے جبکہ باتھ روم میں آئینوں سے روشنی کا انعکاس گرمائش فراہم کرتا ہے۔
ڈریسنگ روم کے قریب
باتھ روم کو ڈریسنگ روم کے قریب بنوایا جاسکتاہے،جس سے غسل کے بعد تیار ہونے میںآسانی ہوسکتی ہے۔ اس طرح ہر چیز آپ کی رسائی میں ہوگی۔