تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل:میشا علی
ملبوسات اورجیکٹس:میشاز وارڈ روب
آرایش:ماہ روز بیوٹی پارلر
عکاّسی: ایم کاشف
لے آؤٹ:نوید رشید
ناصرہ زبیری کی ایک دِل نشین سی غزل کے چند اشعارہیں؎’’سُنہری دھوپ اوڑھے ناچتی ہیں…مِرے آنگن میں چمکیلی ہوائیں…مِری چُنری سجاتی ہیں دھنک سے…گلابی کاسنی نیلی ہوائیں…شمالی کھڑکیوں سے جھانکتی ہیں …دسمبر کی یہ برفیلی ہوائیں‘‘۔ یہ توسچ ہے کہ دسمبر میں سرما رُت کا حُسن پورے جوبن پر ہوتا ہے اور جب گلابی شاموں میں سرد نشیلی،برفیلی ہوائیںرقص کرنے لگیں، توپھر اونی ملبوسات ہی کا سہار الیا جاتا ہے، تاکہ خُوب انجوائے کیا جاسکے۔تو لیجیے، اس بار ہم جدّت و ندرت سے بَھرپور جیکٹس اور سوئیٹرز کے ایک دِل کش ، خُوب صُورت سے انتخاب کے ساتھ حاضر ہیں۔
ذرا دیکھیے، سیاہ جینز اور وائٹ شرٹ کے ساتھ ہنٹر گرین رنگ ہُڈ اسٹائل جیکٹ فِرل کی ہم آہنگی میں کس قدر اسٹائلش معلوم ہورہی ہے۔پھرایک جانب سیاہ رنگ شرٹ کے ساتھ کورل رنگ سِلکی جیکٹ کی جاذبیت ہے،تو دوسری جانب بلیو جینز، عنّابی رنگ پولکا ڈاٹس کی شرٹ کے ساتھ سیاہ اور گہرے سُرخ رنگوں کا حسین امتزاج لیے سوئیٹرکی شان بھی کچھ کم نرالی نہیں۔اسی طرح قدرے چھوٹی ڈینم اسٹرائپڈ جیکٹ کے بھی کیا کہنے کہ یہ سدا بہار فیشن ہے، چاہے قمیص،فراک یا پھرویسٹرن اسٹائل شرٹ کے ساتھ زیبِ تن کرلیں، جچتی ضرور ہے۔ پھر اگر سُرخ رنگ مغربی انداز پیراہن کے ساتھ میٹیلک ستاروں کے کام سے مزیّن سیاہ رنگ زِپر جیکٹ کے حُسنِ دِل آویز کا جواب نہیں، تو گِرے رنگ نیٹ اِنر کے ساتھ (جس پر ستاروں اور نلکیوں کا بے حد عمدہ کام ہے)پلین سیاہ رنگ بلیزر جیکٹ بھی خُوب جچ رہی ہے۔
سرد، خُنک شاموں کے لیے ہمارے انتخاب میں سے کچھ بھی منتخب کرلیں، دیکھنے والے ہی نہیں، آپ خود بھی بہت اچھا محسوس کریں گی۔