راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) سٹی پولیس آفیسر محمد احسن یونس کی زیر صدارت پولیس لائنز ہیڈ کوارٹر زمیں کرسچن کمیونٹی کے پاسٹرز اور چرچ انتظامیہ کے ساتھ کرسمس کے موقع پر فول پروف سیکورٹی انتظامات کے حوالے میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی محمد احسن یونس ، ایس ایس پی آپریشنز طارق ولایت ، چیف ٹریفک آفیسر محمد بن اشرف،ایس پی صدر ڈویژن رائے مظہر اقبال ، ایس پی ہیڈ کوارٹرز تیمور خان سمیت کرسچن کمیونٹی کے پاسٹرز اور انتظامیہ نے شرکت کی۔ میٹنگ میں سیکورٹی امور کے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سی پی او نے کہا کہ مسیحی برادری کے خوشی کے اس تہوار میں ان کی سیکورٹی کیلئے موثر اور منظم حکمت عملی سے سیکورٹی پلان تیار کیا جارہاہے۔چرچز کی سیکورٹی کم از کم دو حصار کی صورت میں ہوگی جبکہ تمام چرچز پر روف ٹاپ ڈیوٹی کو یقینی بنایا جائے گا ،سی پی او نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس کے تہوار پر مسیحی برادری پارکوں، تفریحی مقامات کا بھی رخ کرتے ہیں اس لیے ضروری ہے کہ پارکوں اور تفریحی مقامات کی سیکورٹی کیلئے بھی الگ سے سیکورٹی پلان مرتب کیا جائے،پاسٹرز اور انتظامیہ کی جانب سے چرچز کی سیکورٹی کیلئے تجاویز بھی پیش کی گئی ، جس پر سی پی او نے کہا کہ آپ کی تجاویز قابل عمل ہیں جن پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا ، سی پی او نے کہا کہ مسیحی برادری کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی ، چرچز سیکورٹی کے مامور پولیس افسران و ملازمان کو ڈیوٹی کی نوعیت اور ایس او پی کے متعلق بریف کریں گے، انہوں نے کہا کہ اگر کرسچن کمیونٹی کو کسی بھی قسم کا کوئی مسئلہ درپیش ہوتو و ہ ہم سے براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔ کرسمس کے موقع پر شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک پلان جار ی کیا جائے گا تاکہ تمام شاہراہوں پر ٹریفک کا بہائو معمول کے مطابق رہے ، سی پی او نے چیف ٹریفک آفیسر محمد بن اشرف سے کہا کہ اس سلسلہ میں الگ ٹریفک پلان مرتب کیا جائے ، اس موقع پر کرسچن کمیونٹی کے پاسٹرز اور انتظامیہ نے کہا کہ ہم راولپنڈی پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے ، تقریب کے اختتام پر ملک وقوم کی سلامتی کیلئے دعا کی گئی اور کیک بھی کاٹا گیا۔