کوئٹہ (این این آئی)بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماء و رکن بلوچستان اسمبلی میر حمل کلمتی نے کہا ہے کہ گوادر ماسٹر پلان سمیت شہر کی ترقی کے حوالے سے مقامی آبادی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا،خدشہ ہے گوادر کی ڈیموگرافی تبدیل نہ ہو جائے،گوادر کی مقامی آبادی کے حوالے سے قانون سازی کی جائے۔یہ بات انہوں نے پیر کو اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ جب گوادرپورٹ بننے جارہا تھا ہم خوش تھے کہ مقامی افراد کے لئے ترقی ہوگی، لیکن اس ترقی میں مقامی آبادی کو نظر انداز کیا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ ہم نے کہا تھا مقامی آبادی کے لئے قانون سازی کی جائے ، وزیر اعظم عمران خان کو بی این پی کی طرف سے کو جو چھ نکات پیش کئے ان میں سے ایک نقطہ گوادر کے حوالے سے تھا لیکن ابھی تک اس حوالے میٹنگ نہیں بلائی گئی ہمیں گوادر کی ڈیمو گرافی تبدیل ہونے کا خدشہ ہے،گوادر کی کم آبادی ہے اور بیس لاکھ لوگ آباد کرنے جارہے ہیں ہم چاہتے ہیں کہ گوادر کے معاملے پر قانون سازی ہونی چاہیے لیکن قانون سازی نہیں ہورہی ۔