• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالت کا شہباز شریف کو پیش ہونے کا آخری موقع


لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال کیس میں سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب، مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف کو 7 جنوری کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے تحریری حکم جاری کیا۔

عدالت کے تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کو پیش ہونے کا یہ آخری موقع دیا گیا ہے، وہ آئندہ سماعت پر اپنی حاضری یقینی بنائیں۔

عدالت کا کہنا ہے کہ میاں شہباز شریف آشیانہ اقبال کرپشن ریفرنس میں عدالت سے مسلسل غیر حاضر ہیں، ان کی عدم پیشی کے باعث عدالت کی کارروائی متاثر ہو رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: آشیانہ کیس میں شہباز شریف کی ضمانت چیلنج

آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں شہباز شریف سمیت 10 ملزمان پرفردِ جرم عائد ہو چکی ہے۔

گزشتہ روز احتساب عدالت لاہور نے آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز کیس میں حمزہ شہباز سمیت کیس کے دیگر ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 7 جنوری تک توسیع کی تھی۔

عدالت کی جانب سے شہبازشریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست پر وکلاء کو دلائل دینے کے لیے آج طلب کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ میاں شہباز شریف اپنے بھائی میاں نواز شریف کے علاج کے سلسلے میں ان کے ہمراہ لندن میں قیام پذیر ہیں۔

تازہ ترین