پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بینظیر بھٹو کے 12ویں یوم شہادت پر پیغام جاری کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو وفاق کی سب سے مضبوط زنجیر تھیں۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید بی بی کےقاتلوں نے درحقیقت اس زنجیر کو توڑنے کی سازش کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے’’پاکستان کھپے‘‘ کا نعرہ لگا کر ان مکروہ عزائم کو ناکام بنا دیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کےعوام اپنی بہادر قائد کو کبھی فراموش نہیں کریں گے، بینظیر بھٹو نے آمر کے خلاف انتھک جدوجہد کی قیادت کی۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ بحالیٔ جمہوریت کی جدوجہد میں بینظیر بھٹو کو قیدِ تنہائی اور جلاوطنی برداشت کرنا پڑی مگر پھر بھی انہوں نے آمریت کو شکست سے ہمکنار کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بینظیر بھٹو نےصحت، تعلیم، غربت کے خاتمے جیسے پروگراموں کو شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام اور پارٹی کارکنان کی حمایت سے یہ جدوجہد جاری رکھیں گے اور شہید بینظیر بھٹو عوام کے دل و دماغ میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ بینظیر کی جمہوریت اور انسانی حقوق کے لیے جدوجہد کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔