بہاول پور کے صحرائے چولستان میں 14 ہزار 400 کنال اراضی کی الاٹمنٹ میں بےضابطگیاں، سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، سابق وفاقی وزیر میاں بلیغ الرحمٰن اور دیگر درجنوں افراد کے خلاف نیب ملتان میں انکوائری کا آغاز ہو گیا، ریکارڈ آج نیب میں پیش کیا جائے گا۔
نیب ملتان میں سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور سابق وفاقی وزیر بلیغ الرحمٰن سمیت درجنوں دیگر افراد کے خلاف ریگولر انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
نیب ملتان میں چولستان ترقیاتی ادارے کا نمائندہ آج چولستان میں زمینوں کی الاٹمنٹ کے ریکارڈ سمیت پیش ہوگا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے مئی 2012ء میں لال سوہانرا نیشنل پارک کے 238 متاثرین کو زمین الاٹ کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا۔
اس معاملے میں الزام ہے کہ جن متاثرین کو زمین الاٹ کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے ان الاٹیوں کی پیدائش پارک بننے کے کئی سال بعد ہوئی ہے اور زمینوں کی الاٹمنٹ میں پنجاب حکومت نے کئی بوگس نام شامل کیے۔
الاٹمنٹ میں ہونے والی ان مبینہ بے ضابطگیوں کی شکایت پر نیب نے شہباز شریف، بلیغ الرحمٰن اور سابق جنرل سیکریٹری ہائی کورٹ بار چوہدری عمر محمود ایڈووکیٹ سمیت دیگر افراد کے خلاف انکوائری کا حکم دیا تھا۔