ملتان،اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نیب قانون میں ترمیم ن لیگ اور پی پی کا پرانا مطالبہ ہے،اب تبدیلی کر رہے ہیں تو واویلا کیوں کیا جارہا ہے؟اپوزیشن اسے نیا رنگ دے رہی ہے، دوسری جانب فردوس عاشق اعوان نے کہاہےکہ عمران خان کا دامن صاف ہے،انہیں احتساب کا خوف نہیں۔ملتان میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے نیب قانون میں تبدیلی کا مطالبہ کیا تاہم اب تبدیلی کی ہے تو اسے نیا رنگ دیا جا رہا ہے جب کہ کسی کو این آر او دیا ہے نہ کسی کا تحفظ کر رہے ہیں، اپوزیشن کہتی ہے معیشت کا پہیہ نہ چلے جب کہ دوسری طرف معاشی سرگرمیوں میں رکاوٹ ڈالی جاتی ہے،شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لوگ کسی چیز کا مطالعہ کیے بغیر بحث شروع کر دیتے ہیں، اپوزیشن کے کچھ دوست بغیر کسی تصدیق کے تنقید شروع کر دیتے ہیں، نظر ثانی کے بعد تبدیلی کی جاری ہے تاہم نیب آرڈیننس سے کسی کو رعایت یا این آر او دینے نہیں جارہے۔ دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آئے روزنیب کے خلاف محاذ کھولنے والے لیگی ترجمانوں کا نیب ترمیمی آرڈیننس پرسیاست کرناافسوسناک ہے،وزیراعظم عمران خان کا دامن صاف ہے،انہیں احتساب کا کوئی خوف نہیں،سب سے بڑی عدالت نے انہیں صادق اورامین قرار دیا،ان کے بدترین سیاسی مخالف بھی ان پر کرپشن کا الزام لگانے میں ناکام رہے اور رہیں گے، عمران خان کا کرپشن کے خلاف جہاد بھرپور قوت سے جاری ہے،نیب کا کام میگا کرپشن اسکینڈلز کے خلاف کارروائی عمل میں لانا ہے اور یہ کام نیب اور بھی قوت سے انجام دے گا،ایسے سرکاری ملازمین کے خلاف ضرور کارروائی ہوگی جنہوں نے طریقہ کار کی غلطیوں یا محکمانہ نقائص سے ذاتی مفادات حاصل کئے ہوں گے،اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اثاثہ جات میں بے پناہ اضافہ رکھنے والے پبلک آفس ہولڈرز کارروائی سے ہرگز مبرا نہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آرڈیننس کے تحت دیانتدار پبلک آفس ہولڈرز بلا خوف وخطر عوامی مفاد میں فیصلے کرسکیں گے اور اپنی قانونی ذمہ داریاں انجام دیں سکیں گے۔اس سے گورننس مزید فعال، معیشت مستحکم اور تجارتی ماحول ساز گار ہوگا۔