پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور یونیورسٹی کے ڈائریکٹر علاقائی امور برائے وسطی ایشیاء، چین اور رشین فیڈریشن پروفیسر ڈاکٹر شبیر احمد خان نے کہا ہے کہ آنیوالے وقت میں پشاور یونیورسٹی اور ازبکستان کے درمیان تعلیمی اور علاقائی روابط مستحکم ہوں گے۔ ازبکستان کے پارلیمانی انتخابات میں بین الاقوامی مبصر کی حیثیت سے فرائض انجام دینے کے بعد واپسی پر بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر شبیر نے کہا کہ ان کا دورہ صحت مندانہ سیاسی کلچر کے فروغ ، الیکشن کی مثبت سرگرمیوں کی عکاسی کے ساتھ ساتھ دیر پا علمی تحقیقی اور سیکورٹی روابط کو فروغ دے گا، ازبکستان کی علمی اور سیاسی و حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں خوشگواررہیں، ایریا سٹڈی سنٹر اور انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک و ریجنل سٹڈیز تاشقند کے ساتھ مفاہمت پر اتفاق کیا گیا جس کے تحت پشاوریونیورسٹی ، انسٹی ٹیوٹ اور سنٹر فار گلوبل سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد سہ فریقی انداز میں تحقیق ، سکالرزتبادلہ اور علمی روابط کو فروغ دینے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاشقند سٹیٹ اکنامک یونیورسٹی کے ریکٹر ڈاکٹر شریپو کنگراباتی عظیم بیگ کے ساتھ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ جامعہ پشاور اور پاکستان بھر میں یونیورسٹی کے ایلومینائی تعلقات کی داغ بیل ڈالنے سمیت مستقبل قریب میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے۔