• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی وائی او اسپین کے زیر اہتمام بینظیر بھٹو شہید کی برسی پر دعائیہ تقریب

بارسلونا(جواد چیمہ)پی وائی او اسپین کے زیر اہتمام 12 ویں یوم شہادت محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی دعائیہ تقریب کا انعقاد بارسلونا کے قریبی شہر لیلیدا میں ہوا ۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے ہوا۔ دعائیہ تقریب میں محترمہ بے نظیر بھٹو شہیدکی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور دعا کی گئی۔ پاکستان پیپلز پارٹی اسپین کے سابق مرحوم صدر عمر فاروق رانجھا اور جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی ڈاکٹر جہانگیر بدر مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے بھی فاتحہ خوانی کی گئی۔ تقریب سے خطاب کے دوران مقررین نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی خدمات اور قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ وہ آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔تقریب میں پیپلز پارٹی اسپین اور یورپ کے عہدیداروں اور کارکنوں کی جانب سے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا اور آصف زرداری کی صحت یابی کے لئے بھی دعا کی گئی ۔ مقررین نے کہا کہ شہید رانی محترمہ بینظیر بھٹو شہید سے محبت کم نہیں ہو سکتی وہ ہمارے دلوں میں بستی ہیں۔بھٹو مرحوم کو پھانسی ہوئی تو بینظیر نے علم اٹھا لیا۔ بینظیر کو راستے سے ہٹایا گیا تو اسے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے تھام لیا۔ آج قومی سیاست میں بلاول بھٹو ہی بھٹو لیگیسی کے حقیقی امین اور پیپلزپارٹی کے تن مردہ میں نئی جان ڈالتے نظر آتے ہیں اور کوئی بعید نہیں کہ وہ اسلاف سے بھی آگے نکل جائیں ۔مقررین نے کہا کہ پاکستان میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی جمہوریت کےلئے کی جانے والی جدوجہد کو حقیقی اور منطقی مقام تک پہنچانا ہے۔ اس سلسلے میں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ پاکستان میں حقیقی معنوں میں جمہوریت ہو، انہوں نے کہا کہ بھٹو خاندان نے پاکستان کی جمہوریت اور بنیادوں کو اپنے خون کی قربانیوں سے مضبوط کیا ہے اور ہم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی برسی پر عہد کرتے ہیں کہ ہم اس خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پی وائی او اسپین چوہدری سجاد انور ،نائب صدرپی وائی او اسپین چوہدری فیاض احمد گوندل،جنرل سیکرٹری پی وائی او اسپین چوہدری نثار احمد، سینئر نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی اسپین چوہدری عمران اختر چھوکر کلاں ، نائب صدر یورپ چوہدری ساجد گوندل ، طاہر عظیم، ملک ابرار حسین ،ریاض بوسال اور دیگر رہنمائوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کے استحکام کےلئے قربانیاں دی ہیں جنہیں فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک بار پھر برسر اقتدار آئے گی اور ملک و قوم کی ترقی کا سفر ایک بار پھر شروع کرے گی۔
تازہ ترین